25 ریاستوں میں بارش کا الرٹ، دہلی میں گرمی سے ملے گی راحت، اتراکھنڈ میں سیلاب کا خطرہ
محکمۂ موسمیات نے دہلی میں آج سے 23 جولائی تک مسلسل بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آج اور کل بارش اور تیز ہواؤں کا یلو الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔

دہلی میں آج لوگوں کو حبس بھری گرمی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے بارش اور آندھی طوفان کا یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ دوپہر کے وقت گرمی اور حبس رہے گا، جس کے بعد ہلکی بارش ہوگی۔ اس دوران 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔ محکمۂ موسمیات نے دہلی میں آج سے 23 جولائی تک مسلسل بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آج دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 29 ڈگری سیلسیس رہنے کا اندازہ ہے۔
دہلی کے علاوہ کئی ریاستیں ایسی ہیں جہاں اگلے 7 دنوں میں بہت شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ شمالی ہندوستان، وسطی ہندوستان، شمال مشرقی اور مشرقی ریاستوں میں تیز بارش، آندھی طوفان اور آسمانی بجلی گرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کچھ علاقوں میں انتہائی شدید بارش کے باعث سیلاب اور پانی جمع ہونے کی صورت حال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق 20 سے 22 جولائی کے درمیان دہلی، ہریانہ اور پنجاب میں شدید بارش کا امکان ہے۔ وہیں اتراکھنڈ میں 18 سے 21 جولائی، ہماچل پردیش میں 19 سے 22 جولائی، مشرقی اور مغربی اتر پردیش میں 19 سے 22 جولائی کے دوران بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران آسمانی بجلی گرنے اور 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کی بھی وارننگ دی گئی ہے۔
آئی ایم ڈی نے اتراکھنڈ کے کئی اضلاع میں اگلے 24 گھنٹوں کے لیے اچانک سیلاب کا خطرہ بھی ظاہر کیا ہے۔ دہرادون، ہریدوار، نینی تال، چمولی، رودرپریاگ، ٹہری، اترکاشی، المورا، باگیشور اور پتھورا گڑھ جیسے اضلاع کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ آئی ایم ڈی نے 18 اور 19 جولائی کو ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں بھی انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
بہار میں بھی آج بارش کا امکان ہے۔ آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بھی مسلسل شدید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ مشرقی مدھیہ پردیش، مغربی مدھیہ پردیش، ودربھ، مہاراشٹر، کونکن-گوا اور گجرات کے کئی حصوں میں بھی اگلے چند دنوں تک بارش جاری رہے گی۔ مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر کے کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی راجستھان کے کئی اضلاع میں بھی آج بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کیرلم، کرناٹک، تلنگانہ، آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور رائل سیما میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تلنگانہ میں 50 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹے تک کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
