ٹرینوں میں رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک نہیں کیا جا سکے گا موبائل چارج، ریلوے نے جاری کی ہدایت
جنوب مشرقی ریلوے میں چارجنگ کے دوران مسافر کا پاور بینک پھٹنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت ٹرین ڈبے میں موبائل چارجنگ پوائنٹس بند نہیں کیے گئے تھے۔

ٹرین سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ انڈین ریلوے نے رات کے وقت موبائل چارجنگ سے متعلق اپنی ہدایت پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی تیاری کی ہے۔ ریلوے بورڈ نے تمام زونل ریلوے کو ہدایت دی ہے کہ ٹرین کے ڈبوں میں رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک موبائل چارجنگ پوائنٹس لازمی طور پر بند رکھے جائیں۔ اس دوران کسی بھی طرح کی رعایت نہ دینے کو کہا گیا ہے۔ ریلوے نے یہ قدم مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا ہے۔
جنوب مشرقی ریلوے میں چارجنگ کے دوران مسافر کا پاور بینک پھٹنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ بتایا گیا کہ حادثے کے وقت ٹرین ڈبے میں موبائل چارجنگ پوائنٹس بند نہیں کیے گئے تھے۔ اس حادثے کے بعد ریلوے بورڈ نے رات کے مقررہ وقت میں چارجنگ پوائنٹس بند رکھنے کی ہدایت پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ ریلوے میں الیکٹرانک آلات کی چارجنگ اور آگ لگنے کے خدشات کے پیش نظر پہلے بھی احتیاطی اقدامات کیے جاتے رہے ہیں۔ چارجنگ آلات میں خرابی، بیٹری کا گرم ہونا یا بجلی سے متعلق کسی گڑبڑی سے خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
ریلوے بورڈ نے متعلقہ ملازمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر ٹرین کے ڈبوں میں چارجنگ پوائنٹس بند کرنا یقینی بنائیں۔ آن بورڈ عملے کو اس انتظام کے بارے میں واضح ہدایات دینے کے ساتھ ساتھ ضروری تربیت اور رہنمائی فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ افسران اور نگراں کو اچانک معائنہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ متعلقہ ٹرینوں میں حکم پر عمل ہو رہا ہے یا نہیں۔ لاپروائی روکنے کے لیے ملازمین کی ذمہ داری بھی طے کی گئی ہے۔
ٹرینوں میں رات کے وقت چارجنگ پوائنٹس بند رکھنے کی ہدایت پہلی بار جاری نہیں کی گئی ہے۔ ریلوے بورڈ نے 19 جون 2014 کو بھی اس سلسلے میں حکم جاری کیا تھا۔ اس وقت ٹرینوں میں آگ لگنے کے واقعات کو دیکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں۔ مارچ 2021 میں بھی ریلوے نے رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک چارجنگ کی سہولت بند رکھنے کی ہدایات پر دوبارہ سختی سے نافذ کرنے کی بات کہی تھی۔
رات کے وقت ٹرین مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے قبل موبائل اور دیگر ضروری الیکٹرانک آلات چارج کر لیں۔ رات 11 بجے کے بعد چارجنگ پوائنٹس دستیاب رہنے کی امید نہ رکھیں۔ پاور بینک یا موبائل چارج کرتے وقت اگر آلہ غیر معمولی طور پر گرم ہو جائے، اس سے دھواں نکلنے لگے یا جلنے جیسی بو آئے تو اس کا استعمال بند کر دیں اور فوراً ٹرین کے عملے کو اطلاع دیں۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے کا مقصد رات کے وقت ٹرین ڈبوں میں آگ لگنے یا بجلی سے متعلق حادثات کے خطرات کو کم کرنا ہے۔ مسافروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی مشتبہ صورتحال کو نظرانداز نہ کریں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
