10 اکتوبر کے مظاہرہ سے قبل ریلوے نے دہلی آنے والی سبھی میل-ایکسپریس ٹرینوں کو کیا رد
دہلی پولیس نے آج رات 9 بجے سے صورت حال معمول پر آنے تک 57 میٹرو اسٹیشنوں کے دروازوں کو بند رکھنے کی تجویز دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کو بھیجی ہے۔

جین-زی طبقہ نے دہلی میں 10 اکتوبر کو ایس آئی آر اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ اس درمیان انڈین ریلوے نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ ریلوے کے مطابق 10 اکتوبر 2026 کو صبح 4 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان نئی دہلی اور حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشنوں پر پہنچنے والی میل اور ایکسپریس ٹرینوں کو منسوخ کیا جائے گا۔ ریلوے نے اس کے پیچھے دونوں اسٹیشنوں کے آس پاس شدید ٹریفک جام کے خدشے کو بنیادی وجہ بتایا ہے۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر پر روانہ ہونے سے پہلے اپنی ٹرین کی صورت حال کی معلومات ضرور حاصل کر لیں اور اسی کے مطابق منصوبہ بنائیں۔
ریلوے سے وابستہ ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ جین-زی کی جانب سے 10 اکتوبر کو مجوزہ مظاہرے کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ خدشہ ہے کہ مظاہرے کی وجہ سے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن اور اس کے آس پاس کی سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہوگا۔ ایسی صورت میں مسافروں کے لیے وقت پر اسٹیشن پہنچنا مشکل ہو سکتا ہے۔
اس مظاہرہ کی وجہ سے ریلوے کے ساتھ ساتھ دہلی میٹرو سروسز متاثر ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دہلی پولیس نے آج (جمعہ) رات 9 بجے سے صورت حال معمول پر آنے تک 57 میٹرو اسٹیشنوں کے داخلی دروازہ اور باہر نکلنے والے دروازہ کو بند رکھنے کی تجویز دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کو بھیجی ہے۔ پولیس کے مطابق اس دوران میٹرو اسٹیشنوں پر انٹرچینج کی سہولت جاری رہ سکتی ہے۔ تاہم، اسٹیشنوں میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کے دروازے بند کرنے کا حتمی فیصلہ ڈی ایم آر سی کی جانب سے لیا جائے گا۔
بہرحال، ریلوے کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق 9 اکتوبر کو دوپہر 2 بجے کے بعد اپنے ابتدائی اسٹیشن سے روانہ ہونے والی اور 10 اکتوبر کو صبح 4 بجے سے دوپہر 2 بجے کے درمیان نئی دہلی یا حضرت نظام الدین پہنچنے والی متعلقہ میل اور ایکسپریس ٹرینیں منسوخ رہیں گی۔ ریلوے نے ٹریفک جام کے خدشے اور سیکورٹی انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔ اس فیصلہ کے باعث مسافروں کو اپنے سفر کے منصوبے میں تبدیلی کرنی پڑ سکتی ہے۔ خاص طور پر ان لوگوں کو پریشانی ہو سکتی ہے جنہوں نے پہلے سے ٹکٹ بک کرا رکھے ہیں اور انہیں 10 اکتوبر کو ان دونوں اسٹیشنوں پر پہنچنا ہے۔
