گجرات میں زہریلی شراب سے اموات پر راہل گاندھی کا سوال- ’باپو کی دھرتی پر نشہ کے دھندہ کا سرغنہ کون؟‘

گجرات میں زہریلی شراب سے اموات پر راہل گاندھی نے سوال کیا کہ یہ کون لوگ ہیں جو باپو اور سردار پٹیل کی دھرتی پر نشہ کا کاروبار کر رہے ہیں؟

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکمرانی والی ریاست گجرات میں زہریلی شراب پینے سے 40 سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے اور متعدد افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ خشک ریاست قرار دئے گئے گجرات میں زہریلی شراب سے اتنے لوگوں کی موت کے بعد سوال اٹھ رہے ہیں آخر نشہ کے اس دھندے کو کس کی پشت پناہی حاصل ہے؟ یہ سوال کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اٹھایا ہے۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’خشک ریاست گجرات میں زہریلی شراب پینے سے کئی گھر تباہ ہو گئے۔ وہاں سے اربوں کی منشیات بھی مسلسل برآمد ہو رہی ہیں۔ یہ بڑی تشویشناک بات ہے، باپو اور سردار پٹیل کی سرزمین پر یہ کون لوگ ہیں جو بے دھڑک منشیات کا کاروبار کر رہے ہیں؟ ان مافیا کو کون سی حکمران قوتیں تحفظ دے رہی ہیں؟‘‘


خیال رہے کہ گجرات میں زہریلی شراب سے اب تک 46 اموات ہو چکی ہیں۔ اس تعلق سے لگاتار اپوزیشن پارٹیاں انتظامیہ کے خلاف آواز بلند کر رہی ہیں اور بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہی ہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں سے ہو رہے ہنگامے کے بعد گزشتہ روز انتظامیہ خواب غفلت سے بے دار ہوئی اور بوٹاد اور احمد آباد ضلعوں کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے تبادلے کا حکم صادر کیا، اس کے علاوہ چھ دیگر پولیس اہلکاروں کو معطل بھی کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔