راہل گاندھی کے قافلہ کی گاڑیاں اتر پردیش میں حادثہ کا شکار، آپس میں ہوئی ٹکر سے پارٹی کارکنان زخمی
راہل گاندھی کے قافلے کی 4 گاڑیاں اور ایک ایمبولینس آپس میں ٹکرا گئیں۔ راحت کی بات یہ ہے کہ راہل گاندھی کو چوٹ نہیں آئی ہے، اور وہ بخیر ہیں۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی اس وقت اتر پردیش میں ہیں اور ایسی خبر سامنے آ رہی ہے کہ ان کے قافلہ کی کچھ گاڑیاں پوروانچل ایکسپریس وے پر حادثہ کا شکار ہو گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سلطان پور کے قریب قافلہ کی کچھ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے کچھ پارٹی کارکنان زخمی ہوئے ہیں۔ دراصل راہل گاندھی پیر کے روز لکھنؤ سے سلطان پور کی طرف جا رہے تھے۔ اس دوران ان کے قافلے کی 4 گاڑیاں اور ایک ایمبولینس آپس میں ٹکرا گئیں۔ راحت کی بات یہ ہے کہ راہل گاندھی کو چوٹ نہیں آئی ہے، اور وہ بخیر ہیں۔
دراصل راہل گاندھی ہتک عزت کے ایک مقدمہ کی سماعت کے سلسلے میں لکھنؤ سے سلطان پور کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ انہیں عدالت میں پیش ہونا تھا۔ ان کا قافلہ سلطان پور کے ہلیاپور کے قریب ایکسپریس وے پر 89.5 میل اسٹون کے مقام پر پہنچا تھا کہ اچانک بریک لگنے کی وجہ سے گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثہ میں راہل گاندھی کے ساتھ چل رہے لوگوں کو چوٹیں آئی ہیں۔ راہل گاندھی پوری طرح محفوظ ہیں اور بتایا جا رہا ہے کہ وقت پر وہ عدالت پہنچ جائیں گے۔
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کا آج صبح لکھنؤ ایئرپورٹ پر پارٹی کے سرکردہ لیڈران نے شاندار استقبال کیا تھا۔ سلطان پور پہنچنے پر بھی انھیں کانگریس لیڈران نے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور مالا پہنا کر استقبال کیا۔ کانگریس کارکنان نے یہاں راہل گاندھی کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف متنازعہ تبصرہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس سے متعلق 2018 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں بحث گزشتہ 13 اکتوبر کو مکمل ہو چکی ہے، لیکن فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔ آج اسی سلسلے میں راہل گاندھی سلطان پور پہنچے ہیں اور تھوڑی دیر میں وہ مقامی عدالت پہنچنے والے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
