فارم-6 میں غیر قانونی تبدیلی ثابت ہوئی، راہل گاندھی کا چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر حملہ
راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے فارم-6 میں غیر قانونی اور یکطرفہ تبدیلی کی۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ عدالت نے ایسے کسی ترمیم شدہ فارم کی منظوری نہیں دی

نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے فارم-6 میں تبدیلی کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ گیانیش کمار نے فارم-6 میں غیر قانونی اور یکطرفہ طریقے سے تبدیلی کی۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ یہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو فائدہ پہنچانے کے لیے اپنے عہدے کے غلط استعمال کا ایک اور ثبوت ہے۔
راہل گاندھی نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں 26 ستمبر کو جاری الیکشن کمیشن کے پریس نوٹ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب اس معاملے میں کسی شک کی گنجائش نہیں رہ گئی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے فارم-6 میں غیر قانونی اور یکطرفہ تبدیلی کی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ بی جے پی کی مدد کرنے کے لیے عہدے کے غلط استعمال کا ایک اور ثبوت ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ جمہوریت پر اس حملے میں شامل گیانیش کمار اور دیگر تمام افراد کو جوابدہ بنایا جائے گا۔
اس معاملے پر کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے بھی الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے نہ صرف ’جھوٹ بولا‘ بلکہ قانون کی خلاف ورزی بھی کی۔ جے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر آئین کے ساتھ ’غداری‘ کی گئی ہے۔ انہوں نے فارم-6 میں کی گئی تبدیلی کو ایسا عمل قرار دیا جس کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔
دراصل راہل گاندھی نے جس پریس نوٹ کا حوالہ دیا، اس میں الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران فارم-6 کے ساتھ منسلک حلف نامے یا اعلان کو سپریم کورٹ نے درست قرار دیا ہے۔
تاہم، پیر کو چیف جسٹس سوریہ کانت نے اس معاملے کی سماعت کے دوران واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے ایس آئی آر کے دوران ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے کے لیے استعمال ہونے والے فارم-6 کے کسی ترمیم شدہ ورژن کو منظوری نہیں دی ہے۔
چیف جسٹس نے یہ ریمارکس چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف کارروائی اور مقدمہ چلانے کی درخواست پر سماعت کے دوران دیے۔ عدالت کی اس وضاحت کے بعد فارم-6 میں تبدیلی اور الیکشن کمیشن کے پہلے کے بیان کو لے کر سیاسی تنازع مزید تیز ہوگیا ہے۔ کانگریس نے اس معاملے کو انتخابی عمل کی شفافیت اور ووٹر لسٹ کی تیاری سے جوڑتے ہوئے الیکشن کمیشن سے جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ راہل گاندھی نے اس معاملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی کی بات کہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
