ہند-امریکہ معاہدہ پر راہل گاندھی کا سخت حملہ- ’امریکیوں کو خوش کرنے کے لیے ہمارے کسانوں کی قربانی کیوں دی گئی؟‘

راہل گاندھی نے ہندو-امریکہ تجارتی معاہدے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہندوستان زیادہ دے رہا ہے اور کم پا رہا ہے، جس سے کسانوں اور معیشت کو نقصان ہو سکتا ہے

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ہونے والے تجارتی معاہدے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہندوستان زیادہ مراعات دے رہا ہے جبکہ بدلے میں کم فائدہ حاصل کر رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ صورتحال امریکہ کے سامنے مکمل طور پر جھک جانے کے مترادف ہے۔

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران جیو جِتسو کھیل کی مثال دی تھی، کیونکہ اس کھیل میں حریف کو قابو میں کرنے کے لیے دباؤ اور گرفت کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں بھی ایسے ہی دباؤ ہوتے ہیں جو عوام کو نظر نہیں آتے مگر فیصلوں پر اثر انداز ہوتے ہیں۔


انہوں نے سوال اٹھایا کہ کسانوں کے مفادات کو نظر انداز کیوں کیا گیا، امریکہ سے تیل اور دیگر اشیا کی زیادہ خریداری پر رضامندی کیوں ظاہر کی گئی اور ہر سال ایک سو ارب ڈالر کے اضافی درآمدات کی بات کیوں مانی گئی۔ راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ملک کا ڈیٹا غیر ملکی کمپنیوں کو دینے کا فیصلہ تشویشناک ہے اور اس سے ہندوستان ایک ’ڈیٹا کالونی‘ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق قومی معلومات کم قیمت پر امریکی کمپنیوں کے حوالے کی جا رہی ہیں۔

راہل گاندھی نے امریکہ میں اڈانی سے متعلق مقدمات اور ایپسٹین معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کچھ فائلیں منظر عام پر نہیں لائی گئیں، جن میں اہم نام شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مختلف قسم کے بیرونی اور داخلی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، ایک جانب امریکہ کا دباؤ ہے تو دوسری طرف چین سرحد پر کشیدگی موجود ہے اور انہی حالات میں یہ معاہدہ طے پایا۔

کانگریس کا کہنا ہے کہ اس تجارتی معاہدے سے کسانوں، ٹیکسٹائل صنعت اور مجموعی معیشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔