نریندر مودی حقیقت میں سرینڈر مودی ہیں، گلوان جھڑپ پر چین کا نام تک نہیں لیا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے وزیر اعظم پر سخت حملہ بولتے ہوئے کہا کہ گلوان میں جھڑپ کے دوران ہندوستان کے 20 فوجی شہید ہو گئے لیکن مودی نے چین نام ایک بار بھی نہیں لیا، وہ نریندر مودی نہیں بلکہ سرینڈر مودی ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق سربراہ راہل گاندھی نے وزیرِ اعظم مودی پر حملہ بولتے ہوئے انہیں نریندر مودی کے بجائے سرینڈر (خود سپردگی کرنے والا) مودی قرار دے دیا۔ راہل گاندھی کا الزام ہے کہ مودی حکومت نے خود سپردگی کر کے اپنا علاقہ چین کے قبضہ میں جانے دیا۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کے لکھا، ’’نریندر مودی حقیقت میں سرینڈر مودی ہیں۔


راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں مودی حکومت کی ناکام پالیسی سے متعلق جاپانی اخبار میں شائع ہونے والا تبصرہ بھی منسلک کیا ہے۔ گزشتہ روز بھی اپوزیشن رہنما راہل گاندھی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے چین کے آگے اپنی زمین سرینڈر کر دی ہے۔ اس سے قبل راہل گاندھی نے لکھا تھا کہ بس بہت ہوگیا، بتایا جائے کہ کیا ہو رہا ہے، وزیرِ اعظم کیوں خاموش ہیں، چین نے ہندوستانی فوجیوں کو کیسے مارا اور اس کی ہمت کیسے ہوئی ہماری سرزمین لینے کی!

راہل گاندھی نے گلوان میں پُر تشدد جھڑپ کے معاملہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کے جمعہ کے روز کُل جماعتی اجلاس کے دوران دیئے گئے بیان پر بھی سوال اٹھائے تھے۔ دراصل وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ نہ تو کوئی ہماری سرحد میں داخل ہوا ہے اور نہ ہی ہماری کوئی چوکی کسی دوسرے کے قبضہ میں ہے۔ لداخ میں ہمارے 20 بہادر شہید ہوئے، لیکن جنہوں نے بھارت ماتا کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھا، انہیں وہ سبق سکھا کر گئے۔ وزیر اعظم مودی کے اس بیان پر راہل گاندھی نے سوال کیا تھا اور پوچھا تھا کہ اگر وہ زمین چین کی تھی، جہاں ہندوستانی جوان شہید ہوئے تو ہمارے فوجیوں کو کیوں مارا گیا؟ انہیں کہاں مارا گیا؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔