’وَن رینک وَن پنشن‘ معاملہ پر بی جے پی نے فوجیوں سے جھوٹ بولا: راہل

کانگریس صدر راہل گاندھی نے فوجیوں سے ملاقات کے دوران وَن رینک وَن پنشن کے تعلق سے بی جے پی کی سرد مہری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فوجی مر رہے ہیں لیکن مودی حکومت خزانہ تاجروں پر لٹا رہی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: سابق فوجی جہاں بدستور یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ وَن رینک وَن پنشن اسکیم نافذ کی جائے وہیں آج کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت اس اسکیم کونافذ کرنے کے اپنے وعدے سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔دہلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر دفتر میں سابق فوجیوں سے ایک ملاقات کے دوران مسٹر گاندھی نے یہ بات کہی اور متنازعہ رافیل جنگی طیاروں کے سودے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کا فوجی جوانوں کے تعلق سے رویہ قابل اعتراض ہے ۔

سابق فوجیوں سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ جموں کشمیر میں مودی حکومت کی غیر مصلحت پسندی کی وجہ سے فوجیوں کی زندگی کا زیاں ہوا ہے اور انہوں نے اس رویہ کا تعلق متنازعہ رافیل سودے سے بھی جوڑا ۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ حکومت ایک کاروباری کو توبلا کام کاج 30 ہزار کروڑ روپے دے سکتی ہے لیکن وَن رینک وَن پنشن اسکیم نافذ نہیں کرسکتی ۔

سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی ، کانگریس جنرل سکریٹری اشوک گہلوت اور پارٹی کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا کی موجودگی میں مسٹر گاندھی نے ایک گھنٹے تک سابق فوجیوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل اور پریشانیوں سے آگاہ ہوئے۔سابق فوجیوں نے اس موقع پر مسٹر گاندھی کو دو عرضداشتیں پیش کیں ۔ مسٹر سرجےوالا نے بتایا کہ مسٹر گاندھی معاملے کا مفصل جائزہ لیں گے اور کانگریس کی منشور کمیٹی کے سربراہ پی چدمبرم بھی جلد ہی سابق فوجیوں سے اس سلسلے میں ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ یوپی اے حکومت نے وَن رینک وَن پنشن اسکیم نافذ کرنے کا مطالبہ مان لیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔