تریشور پٹاخہ فیکٹری دھماکہ: راہل اور پرینکا گاندھی کا گہرے دکھ کا اظہار، حکومت سے فوری راحت اور علاج کی اپیل
تریشور میں پٹاخہ فیکٹری دھماکے پر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوری راحتی اقدامات اور زخمیوں کے بہتر علاج کا مطالبہ کیا، جبکہ صدر اور وزیر اعظم نے بھی تعزیت کی

کیرالہ کے ضلع تریشور میں پٹاخہ فیکٹری میں ہوئے خوفناک دھماکے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ رپورٹ کے مطابق اس سانحہ میں 13 افراد کی جان چلی گئی، جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ تریشور میں پٹاخہ فیکٹری میں ہونے والا دھماکہ، انتہائی افسوسناک ہے، جو کہ پورم تہوار سے چند دن پہلے ہوا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ جانوں کا ضیاع اور تباہی کا پیمانہ دل دہلا دینے والا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ریسکیو آپریشن کو تیز کیا جائے اور تمام زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
پرینکا گاندھی نے بھی اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع سے انتہائی افسردہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دل کی ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، اور انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
اس سانحے پر دروپدی مرمو اور نریندر مودی نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ صدر نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی، جبکہ وزیر اعظم نے وزیر اعظم قومی راحتی فنڈ سے مہلوکین کے لواحقین کے لیے دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے پچاس ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔
کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے بتایا کہ زخمیوں کے علاج کے لیے تریشور میڈیکل کالج میں بڑے پیمانے پر ایمرجنسی نظام نافذ کیا گیا ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیمیں طلب کی گئی ہیں اور برن یونٹس کو مکمل طور پر تیار رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
خیال رہے کہ یہ دھماکہ منگل کی دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے تریشور ضلع کے وڈکنچیری میونسپلٹی کے منڈاتھیکوڈ گاؤں میں واقع ایک پٹاخہ یونٹ میں پیش آیا۔ اس وقت فیکٹری میں تقریباً 40 مزدور کام کر رہے تھے۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق جائے حادثہ سے 10 لاشیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ مزید تین افراد کے جسم کے حصے ملے ہیں، جو دھماکے کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں۔ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے۔ دیگر زخمیوں کو بھی مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
ریسکیو آپریشن کے دوران امدادی ٹیموں کو خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وقفے وقفے سے چھوٹے دھماکے ہوتے رہے، جس سے بچاؤ کام متاثر ہوا۔ دھماکے کے بعد فیکٹری میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور پورے علاقے میں دھواں پھیل گیا، جس سے آس پاس کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
یہ دھماکہ تریشور پورم کی تیاریوں کے دوران پیش آیا، جو ملک کے معروف مذہبی تہواروں میں شمار ہوتا ہے اور جس میں شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا جاتا ہے، تاہم اس حادثے نے خوشیوں کے اس موقع کو سوگ میں بدل دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔