’سگریٹ، گٹکھا اور شراب چھوڑیں، صحت مند زندگی اپنائیں‘، بہار کے وزیر صحت نشانت کمار کی نوجوانوں سے اپیل
بہار کے وزیر صحت نشانت کمار نے کہا کہ ’’نوجوانوں کو اپنی قیمتی زندگی کی اہمیت سمجھنی چاہیے اور نشے سے دور رہ کر صحت مند اور بہتر مستقبل کی جانب آگے بڑھنا چاہیے۔‘‘

بہار کے وزیر صحت نشانت کمار نے ریاست کے نوجوانوں سے سگریٹ، گٹکھا اور شراب کا استعمال چھوڑنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نشے سے دور رہیں اور اپنی قیمتی زندگی کو صحت مند اور بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ بدھ (2 ستمبر) کو پٹنہ میں محکمہ صحت کی جانب سے منعقدہ ریاست گیر مہم ’جانچ اور اُپچار، چکتسا آپ کے دوار‘ (جانچ اور علاج، طبی سہولت آپ کے دروازے تک) کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وزیر صحت نشانت کمار نے 38 اضلاع کے لیے بیداری رتھوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ مہم 30 نومبر تک چلائی جائے گی۔ اس کے تحت 30 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی گھر گھر جا کر اسکریننگ کی جائے گی اور ان کا ہیلتھ ریکارڈ تیار کیا جائے گا۔
مہم کے دوران شوگر، بلڈ پریشر، کینسر، امراض قلب، سانس اور پھیپھڑوں سے متعلق بیمیاریوں اور فیٹی لیور جیسی غیر متعدی بیماریوں کی بروقت تشخیص کر کے ضروری علاج کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس مہم کے بارے میں خبر رساں ایجنسی ’آئی اے این ایس‘ سے بات چیت میں وزیر صحت نشانت کمار نے کہا کہ ’’آج ہم نے غیر متعدی بیماریوں (این سی ڈی) کی جانچ کے لیے ریاست گیر مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس کے تحت 30 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کی جانچ اور علاج کریں گے۔‘‘
نشانت کمار کا یہ بھی کہنا ہےکہ ’’ہم نے مجموعی طور پر 6 کروڑ لوگوں کی اسکریننگ کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اگر کسی شخص میں شوگر، ہائی بلڈ پریشر، تھائرائڈ، کینسر یا جگر اور گردے سے متعلق کسی بیماری کی علامات پائی جاتی ہیں تو اس کی جانچ کی جائے گی۔ جن مریضوں میں بیماری کی علامات کی نشاندہی ہوگی، انہیں مناسب علاج فراہم کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہیں طبی مشورہ اور مفت ادویات بھی دی جائیں گی۔‘‘
وزیر صحت نشانت کمار کے مطابق مہم کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور کئی جدید آلات بھی خریدے گئے ہیں۔ انہوں نے ریاست کے لوگوں سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس مہم سے جڑنے کی اپیل کی۔ یہ مہم 14500 صحت کے مراکز پر منعقد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مہم میں شریک ہوں اور سگریٹ، گٹکھا اور شراب کا استعمال نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی قیمتی زندگی کی اہمیت سمجھنی چاہیے اور نشے سے دور رہ کر صحت مند اور بہتر مستقبل کی جانب آگے بڑھنا چاہیے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
