اہم خبر: جامعہ طلبا اور پولس کے درمیان تصادم میں 50 طلبا اور 12 پولس اہلکار زخمی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

13 Dec 2019, 10:20 PM

شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت میں جامعہ کے طلباء کا مظاہرہ، تصادم میں 50 طلبا اور 12 پولس اہلکار زخمی

نئی دہلی: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کر نے والے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا آج مشتعل ہوگئے جس میں کئی طلبا اور طالبات زخمی ہو گئے۔ اس دوران 12 پولس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
پولس کے ایک افسر نے بتایا کہ جامعہ کے طلبا جنتر منتر جانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن طالب علموں کو یونیورسٹی کے احاطے کے باہر ہی روکنے کی کوشش کی گئی لیکن طلبا مشتعل ہو گئے۔ اس دوران طلبا نے پولس پر پتھر پھینکے۔ تحریک کرنے والے طلباء نے بیريكیٹ توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش کی۔ اس پرتشدد جھڑپ میں 12 پولس اہلکار زخمی ہو گئے جن میں سے 2 کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔

افسر نے بتایا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے چھوڑے گئے۔ 42 طلبا کو حراست میں لیا گیا ہے۔ طلبا نے بتایا کہ انہیں روکنے کے لئے پولس نے پہلے پانی کی بوچھار کی اور پھر آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔ اس کے بعد پولس نے طالب علموں پر لاٹھی چارج کیا جس میں 50 سے زائد طلبا زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو ہولی فیملی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

13 Dec 2019, 8:40 PM

ملک کی سیکولر جماعتوں کی منافقت کا بی جے پی کو فائدہ مل رہا ہے: کنال گھوش

ترنمول کانگریس کے سابق ممبر پارلیمنٹ کنال گھوش نے ملک کے موجودہ حالات کیلئے ملک کی سیکولر جماعتوں کوذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ ”نام نہاد“ سیکولر جماعتیں اپنا کردار اداکرنے میں ناکام رہی ہیں اور اس کا فائدہ بی جے پی کو ملا ہے اور بی جے پی مذہبی کارڈ کھیل کر اصل مسائل سے ملک کے عوام کی توجہ دوسری جانب پھیڑنے کی کوشش کررہی ہے۔ متنازع بیانات کیلئے مشہور سابق ممبر پارلیمنٹ کنال گھوش نے کہا کہ ”شہریت ترمیمی بل“ ان کیلئے بہت ہی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی یہ سب کام اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے کررہی ہے اور اس کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔اس کی وجہ سے ملک کا ایک بڑا حصہ جل رہا ہے۔مگر بی جے پی آج مضبوط ہے وہ نام نہاد سیکولر جماعتوں کی وجہ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک ہزار سال سے سیکولر ملک ہے اور ہماری ذمہ داری کہ اس کردار کی حفاظت کرے۔

13 Dec 2019, 8:12 PM

جنتا دل یو لیڈر غلام رسول بلیاوی نے شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف نکالا مارچ

جنتا دل یو میں شہریت قانون کو لے کر اختلافات منظر عام پر آ چکے ہیں اور پرشانت کشور و پون کے بعد پارٹی کے رکن برائے ریاستی قانون ساز کونسل غلام رسول بلیاوی بھی شہریت قانون کے خلاف کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ جمعہ کے روز غلام رسول بلیاوی نے شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف جلوس نکالا۔ ان کے ساتھ بڑی تعداد میں ان کے حامی بھی جلوس میں شامل ہوئے۔


13 Dec 2019, 6:38 PM

شہریت قانون کے خلاف پرتشدد مظاہروں کے درمیان امت شاہ کا شیلانگ دورہ رد

شہریت قانون میں ترمیم کے بعد آتش فشاں آسام اور بری طرح سے سلگتی شمال مشرقی ریاستوں سے گھبرائے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کے روز مقرر کردہ اپنا شیلانگ دورہ رد کر دیا ہے۔ وہ نارتھ ایسٹ پولس اکیڈمی میں ایک تقریب میں شامل ہونے والے تھے۔

13 Dec 2019, 5:53 PM

مہاراشٹر:7 بنگلہ دیشی شہری گرفتار

پال گھر: مہاراشٹر میں قانونی کاغذات کے بغیر رہائش پذیر بنگلہ دیش کے 7 شہریوں کو پولس نے گرفتار کیا ہے۔ پال گھر پولس کے ترجمان نے جمعہ کو بتایا کہ وِرار کے تروپتی نگر میں ایک رہائشی علاقے میں بدھ کے روز چھاپہ مار کارروائی کے دوران یہ گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ ان کے پاس یہاں رہائش کے لیے کوئی قانونی دستاویز نہیں پائے گئے۔ ان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ اور غیر ملکی شہری ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔


13 Dec 2019, 5:14 PM

جامعہ ملیہ اسلامیہ: شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے طلبا اور پولس کے درمیان تصادم

نو منظور شدہ شہریت قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا اور پولس کے درمیان تصادم کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ شہریت قانون پر جامعہ کے طلبا یونیورسٹی احاطہ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک مارچ کرنے والے تھے لیکن پولس نے انھیں یونیورسٹی کے باہر ہی روک لیا۔

13 Dec 2019, 4:02 PM

جامعہ ملیہ اسلامیہ: شہریت قانون میں ترمیم کے خلاف کیا طلبا و طالبات کا پرزور مظاہرہ

دہلی واقع مشہور و معروف یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا نے آج نومنظور شدہ شہریت ترمیمی بل کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جامعہ میں نماز جمعہ کے بعد نہ صرف یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے لڑکے، بلکہ لڑکیاں بھی زوردار طریقے سے مودی حکومت کے خلاف نعرہ بلند کرتی ہوئی نظر آئیں۔ جامعہ کے طلبا نے جمعرات کی شام بھی اس سلسلے میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ شہریت قانون میں مذہب کی بنیاد پر کوئی ترمیم نہ کرے۔


13 Dec 2019, 3:14 PM

نومنظور شدہ شہریت قانون کے خلاف کانگریس لیڈر سپریم کورٹ پہنچے

شہریت ترمیمی بل 2019 پر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے دستخط کر دیا ہے جس کے بعد اس بل نے قانون کی شکل اختیار کر لی ہے۔ اس قانون کے خلاف اب کانگریس لیڈر جے رام رمیش سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔ انھوں نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کی ہے جس میں کہا ہے کہ یہ ترمیم شدہ قانون برابری کے حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہے۔

13 Dec 2019, 2:05 PM

مجرم اکشے کی نظرثانی عرضی کے خلاف نربھیا کی ماں سپریم کورٹ پہنچی

نئی دہلی: دہلی میں 2012 کے اجتماعی آبروریزی کی متاثرہ نربھیا کی ماں آشا دیوی نے کیس کے ایک مجرم اکشے کمار سنگھ کی نظر ثانی کی درخواست کے خلاف سپریم کورٹ میں مداخلت کی عرضی دی ہے۔ متاثرہ کی ماں کی طرف سے پیش ہوئے وکیل نے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی صدارت والی ایک بنچ کے سامنے اس معاملے کا خصوصی ذکر کیا اور اس کیس کے ایک مجرم اکشے کی نظر ثانی درخواست کی مخالفت کی۔

عدالت عظمی نے ان کی درخواست منظور کر لی اور معاملے کی سماعت کے لئے 17 دسمبر کی تاریخ مقرر کی۔ عدالت نے گزشتہ برس نو جولائی کو تین دیگر قصورواروں پون، ونے اور مکیش کی نظر ثانی کی عرضیاں یہ کہتے ہوئے مسترد کر دی تھیں کہ سال 2017 کی سزا پر نظر ثانی کرنے کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔


13 Dec 2019, 12:38 PM

معیشت کی بدحالی کو لے کر پرینکا کا وزیر اعظم پر حملہ

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کے روز حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو اس کی معاشی پالیسیوں کے بارے میں سوال کیا۔ پرینکا نے ٹویٹ کیا، ’’افراط زر گزشتہ تین سالوں میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ عام لوگوں کو روز مرہ کی زندگی میں استعمال ہونے والے سامان خریدنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا ، ’’بی جے پی کے طریق کار کے سبب آنے والی سست روی کی وجہ سے آمدنی صفر ہو گئی ہے لیکن ملک کے وزیر اعظم اس پر خاموش ہیں۔‘‘

13 Dec 2019, 11:29 AM

نربھیا کیس، حکم نامہ سزائے موت پر دستخط کا معاملہ 18 دسمبر تک ملتوی

دہلی میں عصمت دری کے بعد بے دردی سے قتل کی گئی نربھیا معاملہ میں قصورواروں کی سزائے موت فی الحال ٹال دی گئی ہے۔ آج دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں قصورواروں کی سزائے موت کے حکم نامہ (ڈیتھ وارنٹ) پر دستخط کئے جانے تھے لیکن جج نے معاملہ کی سپریم کورٹ میں سماعت کے پیش نظر اس کے لئے 18 دسمبر کی تئی تاریخ مقرر کر دی۔

حکم نامہ سزائے موت پر دستخط کرنے والے جج نے کہا، ’’مجھے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ اکشے کی ریویو پٹیشن سپریم کورٹ میں قبول کر لی گئی ہے لہذا معاملہ کو ملتوی کیا جاتا ہے۔ اس اس معاملہ کی سماعت 18 دسمبر کو ہوگی۔‘‘

ادھر، متاثرہ کی والدہ آشا دیوی نے اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم 7 سال سے لڑائی لڑ رہے ہیں تو ہم ایک اور ہفتہ انتظار کر سکتے ہیں۔

قبل ازیں، پٹیالہ ہاؤس عدالت میں سماعت کے دوران نربھیا کے وکیل نے کہا کہ پھانسی کی تاریخ طے کی جانی چاہئے اور رحم کی درخواست کا ڈیتھ وارنٹ جاری ہونے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پہلے آنے دیں، تب ہی اس پر سماعت کی جائے گی۔

دریں اثنا، جج نے مجرموں کے وکیل اے پی سنگھ کی سرزنش کی۔ عدالت نے کہا کہ آپ اس کیس کے دوران عدالت میں موجود نہیں رہے، آپ کی وجہ سے اس معاملے میں فیصلہ آنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔