طواف افاضہ کے بعد مسجد حرام اور صحن مطاف کی سینیٹائزر سے طہارت

الحرمین الشریفین کی جنرل پریزی ڈینسی کی جانب سے فریضہ حج کی ادائی کے دوران طواف افاضہ کے بعد مسجد حرام، صحن مطاف اور مسجد کے بیرونی احاطے کی جراثیم کش مواد سے صفائی اور طہارت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے

 مسجد حرام اور صحن مطاف کی سینیٹائزر سے طہارت
مسجد حرام اور صحن مطاف کی سینیٹائزر سے طہارت
user

یو این آئی

مکہ مکرمہ: الحرمین الشریفین کی جنرل پریزی ڈینسی کی جانب سے فریضہ حج کی ادائی کے دوران طواف افاضہ کے بعد مسجد حرام، صحن مطاف اور مسجد کے بیرونی احاطے کی جراثیم کش مواد سے صفائی اور طہارت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ جراثیم کوش مواد سے صفائی کا مقصد حجاج اور نمازیوں کو مسجد حرام میں کرونا کی وبا میں تحفظ فراہم کرنا ہے۔

الحرمین الشریفین جنرل پریزی ڈینسی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے ایک بیان میں‌کہا کہ اللہ کے گھر اور مسجد حرام کو طواف افاضہ کے بعد جراثیم سے پاک کیا گیا ہے۔ اس کام میں مسجد کے صفائی کے ذمہ دار عملے نے غیرمعمولی خدمات انجام دیں اور مسجد کی طہارت کےلیے ماحول دوست اور بہترین معیار کا سینی ٹائزر استعمال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد حرام کو کرونا وبا کی وجہ سے احتیاطا روزانہ 10 بار صاف کیا جاتا ہے۔

ڈاکٹر السدیس کا کہنا تھا کہ رواں سال ایک ایسے وقت میں فریضہ حج ادا کیا گیا جب پوری دنیا کرونا جیسی متعدد بیماری کی لپیٹ میں‌ ہے۔ اس وبا کے مزید پھیلائو کو روکنے اور حجاج کرام کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے ہرممکن حفاطتی انتظامات کیے گئے۔ حجاج کی خدمت کرنے والے اداروں میں سیکیورٹی ادارے، وزارت داخلہ، اسٹیٹ سیکیورٹی، محکمہ صحت، ہلال احمر، وزارت حج و عمرہ اور دیگر پیش پیش رہے۔ اس کے علاوہ کئی غیر سرکاری رضا کار تنظیموں نے بھی اس کارخیر میں بھرپور حصہ لیا۔

عبدالرحمان السدیس کا کہنا تھا کہ اگرچہ رواں سال کرونا کی وجہ سے حجاج کرام کی محدود تعداد کو حج کے لیے منتخب کیا گیا مگر اس موقعے پر حکومت کی طرف سے حجاج کرام کی خدمت میں‌ کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔

    next