پنجابی گلوکارہ ہارڈ کور نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو بتایا ’دہشت گرد‘

ہارڈ کور نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو ممبئی اور پلوامہ حملہ کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ہارڈ کور نے آر ایس ایس کی سرگرمیوں پر بھی سوالیہ نشان لگایا اور ان کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مشہور و معروف پنجابی گلوکارہ ہارڈ کور نے آر ایس ایس اور اس کے سربراہ موہن بھاگوت کے تعلق سے اپنے سوشل میڈیا انسٹا گرام پر متنازعہ پوسٹ شیئر کی ہے جس کے بعد وہ سرخیوں میں ہیں۔ اپنے پوسٹ میں ہارڈ کور نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے انھیں دہشت گرد تک قرار دے دیا۔

اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ہارڈ کور نے 11/26 کے دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے ہیمنت کرکرے سے متعلق ایک کتاب Who Killed Karkare (کرکرے کو کس نے مارا) کے صفحہ اول کی تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ میں لکھا ہے کہ ’’یہ آر ایس ایس نے کیا ہے۔‘‘ اپنے پوسٹ میں ہارڈ کور نے آر ایس ایس سربراہ بھاگوت کو بھی اس کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ ملک میں 11/26 ممبئی حملہ اور پلوامہ دہشت گردانہ حملہ جیسے بڑے واقعات میں وہ ملوث ہیں۔ موہن بھاگوت کو ہارڈ کور نے نسل پرست بھی قرار دیا۔


موہن بھاگوت کے علاوہ پنجابی گلوکارہ ہارڈ کور نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی اپنی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یوگی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انھوں نے قابل اعتراض الفاظ بھی استعمال کیے ہیں جس پر لوگوں نے ہارڈ کور کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ لیکن ہارڈ کور نے اپنے خلاف بولنے والے سوشل میڈیا یوزر اور ٹرولر کو بھی نہیں بخشا اور انھیں خوب بھلا برا کہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Jun 2019, 12:10 PM
/* */