پنجاب: بیوی-بچوں اور معشوقہ کے شوہر کے قاتل کو سزائے موت، معشوقہ کو عمر قید

مکتسر میں سیشن عدالت نے دو بچوں، بیوی اور نوکر کے قتل کے معاملے میں ملزم پلویندر کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی ہے اور اس کی معشوقہ کرم جیت کور (نوکر کی بیوی) کو عمر قید کی سزا دی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: پنجاب کے ضلع مکتسر میں سیشن عدالت نے دو بچوں، بیوی اور نوکر کے قتل کے معاملے میں ملزم پلویندر کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی ہے اور اس کی معشوقہ کرم جیت کور (نوکر کی بیوی) کو عمر قید کی سزا دی ہے۔

تقریبا پانچ سال پرانے اس معاملے میں ملزم پلویندر کے اپنے نوکر نرمل سنگھ کی اہلیہ کرم جیت کور سے ناجائز تعلقات تھے اور وہ دونوں اپنے گھر والوں کو اپنے راستے سے ہٹا کر شادی کرنا چاہتے تھے۔ پلویندر نے اپنی اہلیہ سربجیت کور کے نام پر لائف انشورینس اور حادثے کے انشورینس کی پالیسیاں لی تھیں۔ اس نے یہ بیمہ پالیسیاں قتل کی واردات سے 11 دن پہلے لی تھیں۔


واردات کو انجام دینے کے لئے پلویندر نے ایک ماروتی کار خریدی اور 20 جون، 2015 کو اٹاری گاؤں کے نزدیک گنگا نہر میں سازش کے تحت جان بوجھ کر اپنی گاڑی گرا دی۔ کار میں اس کے ہمراہ بیوی سربجیت کور، بیٹا جشن پریت سنگھ (4)، بیٹی گگن دیپ کور (6) اور نوکر نرمل سنگھ بھی تھا جو ڈوبنے سے جاں بحق ہو گئے۔

مقامی لوگوں اور رشتہ داروں کو یہ ایک حادثہ لگا لیکن حقیقت کا انکشاف اس وقت ہوا جب 27 جنوری 2016 کو پلویندر نے کرم جیت سے شادی کر لی اور عدالت سے تحفظ کے لئے درخواست دائر کی۔ اس سے کرم جیت کے اہل خانہ کو پلویندر پر شبہ ہوا اور انہوں نے پولس کو اطلاع دی۔

جب پولس نے پلویندر کو حراست میں لے کر سختی سے پوچھ گچھ کی تو اس نے سچائی کا اعتراف کر لیا۔ عدالت نے اس معاملے کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے ملزم پلویندر سنگھ کو سزائے موت اور کرماجیت کو عمر قید کی سزا سنائی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔