پنجاب پی سی ایس مینز کے انٹرویو پر ہائی کورٹ نے 16 دسمبر تک عائد کی پابندی
عدالت نے امیدواروں کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات پر پی پی ایس سی کو جواب داخل کرنے اور متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اب معاملے کی آئندہ سماعت تک پی سی ایس مینز کے انٹرویو ملتوی رہیں گے۔

پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے پنجاب پبلک سروس کیمشن (پی پی ایس سی) کے پی سی ایس مینز امتحان کے نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں کے متعلق جاری عرضیوں پر سماعت کرتے ہوئے انٹرویو کے عمل پر 16 دسمبر تک پابندی عائد کر دی ہے۔ اس معاملے میں آج ہوئی سماعت کے دوران عدالت نے یہ فیصلہ سنایا ہے۔ غورطلب ہے کہ گزشتہ سماعت میں ہائی کورٹ نے امیدواروں کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات پر پی پی ایس سی کو جواب داخل کرنے اور متعلقہ دستاویز پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اب معاملے کی آئندہ سماعت تک پی سی ایس مینز کے انٹرویو ملتوی رہیں گے۔
عرضی گزاروں کے وکیل منوندر سنگھ نے کہا کہ ان کی عرضی میں مرکزی ایجنسی سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ اگر معاملے کی تحقیقات کی ذمہ داری سی بی آئی کو سونپی جاتی ہے تو ان کے لیے بڑی راحت ہوگی، کیونکہ ان کے اہم مطالبات میں یہ شامل ہے۔ وکیل کے مطابق ہائی کورٹ نے آج ایک اہم حکم دیتے ہوئے امتحان سے متعلق تمام ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت دی ہے، تاکہ مستقبل میں ان کے ساتھ کسی طرح کی چھیڑ چھاڑ یا ان میں تبدیلی نہ کی جا سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عرضی میں سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ رکھنے کا خصوصی مطالبہ کیا گیا تھا اور عدالت کے اس حکم سے انہیں بڑی راحت ملی ہے۔
عرضی گزاروں کے وکیل کے مطابق مجموعی طور پر 12 امتحان مراکز کے حوالے سے امیدواروں نے اعتراضات درج کرائے تھے۔ ان میں سنٹر نمبر 3 اور 4 پر کچھ امیدواروں نے الزام عائد کیا کہ انہیں موصول سوالناموں کی سیل پہلے سے ٹوٹی ہوئی تھی۔ جبکہ قواعد کے مطابق مہربند سوالنامہ پہلے امیدواروں کو دکھا کر ان کی موجودگی میں ہی کھولا جانا چاہیے، تاکہ امتحانی عمل کی شفافیت برقرار رہے اور کسی بھی طرح کی بے ضابطگی کا اندیشہ نہ رہے۔
شیرومنی اکالی دَل کے لیڈر بکرم سنگھ مجیٹھیا نے پنجاب پی سی ایس امتحان پر پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی روک کے حوالے سے بھگونت مان حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری پارٹی نے سب سے پہلے اس معاملے کو اٹھایا تھا۔ مجیٹھیا نے اسے بھگونت مان حکومت کے لیے ایک اور بڑی شرمندگی قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں بھرتی کے امتحانات کا مذاق بنا دیا گیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
