پنجاب: کھیت مزدور اور بے زمین افراد کے لیے خوشخبری، 590 کروڑ روپے کا قرض معاف

وزیراعلی کیپٹن امریندر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پرائمری کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے 2,85,325 اراکین کا 590 کروڑ روپے کا قرض معاف کیا جائے گا جس سے ہر رکن کو 20 ہزار کی راحت مہیا کی جائے گی۔

کیپٹن امریندر، تصویر یو این آئی
کیپٹن امریندر، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

چندی گڑھ: پنجاب کے وزیراعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے اپنی حکومت کے اہم وعدے کو پورا کرتے ہوئے کھیت مزدوروں اور بے زمینوں کا قرض معافی اسکیم کے تحت 590 کروڑ روپے کے قرض معافی کا اعلان کیا ہے۔ کل یہاں اعلی سطحی میٹنگ کے بعد سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ریاستی سطح پروگرام کے دوران 20 اگست کو یہ چیک جاری کیے جائیں گے۔

وزیراعلی نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پرائمری کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے 2,85,325 اراکین کا 590 کروڑ روپے کا قرض معاف کیا جائے گا جس سے ہر رکن کو 20 ہزار کی راحت مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے خزانہ اور کوآپریٹیو محکمہ کو اس فیصلے کو زمینی سطح پر موثر طریقہ سے عمل میں لانے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت نے پنجاب زرعی کوآپریٹیو سوسائٹیاں۔2019 کے تحت کھیت مزدوروں اور بے زمین کسانوں کے لئے قرض راحت اسکیم بنائی تھی۔ جس کے دائرے میں پنجاب زرعی کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے ذریعہ ضلعی مرکزی کوآپریٹیو بینکوں کی طرف سے کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے اراکین کو دیئے گئے کنجمشن لون شامل ہوں گے۔


کیپٹن سنگھ نے یہ اعلان وزیراعلی کے اہم پروگرام ‘قرض راحت اسکیم‘ کے تحت کسانوں کے قرض معاف کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔ پنجاب کانگریس نے 2017 میں قرض معافی کا انتخابی وعدہ کیا تھا جس کے تحت اس اسکیم کے تحت اب تک 5.64 لاکھ کسانوں کا 4624 کروڑ روپے کا قرض معاف کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ درج فہرست ذاتوں اور پسماندہ زمرہ کے 50-50 ہزار روپے کے قرض معاف کیے جاچکے ہیں جن میں ایس سی کارپوریشن کی طرف سے 6405 مستحقین کو 58.39 کروڑ روپے کی جبکہ بی سی کارپوریشن کی طرف سے 1225مستحقین کو 20.71 کروڑ روپے کی قرض معافی دی گئی۔ میٹنگ میں وزیر خزانہ منپریت سنگھ بادل، کوآپریٹیو کے وزیر سکھجندر سنگھ رندھاوا، ایڈیشنل چیف سکریٹری (ڈیولپمنٹ) انیرودھ تیواری اور خزانہ کے کمشنر کوآپریٹیو کے سیوا پرساد موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔