پنجاب: اسمبلی انتخاب سے قبل عام آدمی پارٹی کو لگا دھچکا، 2 اراکین اسمبلی نے بنیادی رکنیت سے دیا استعفیٰ
پنجاب اسمبلی انتخاب 2027 کے لیے عام آدمی پارٹی (عآپ) نے ہفتہ کو امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔ پارٹی نے اس فہرست میں اسمبلی کی 40 نشستوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔

آئندہ اسمبلی انتخاب سے قبل پنجاب میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ پٹیالہ ضلع کی 2 اسمبلی سیٹوں سے پارٹی کے اراکین اسمبلی نے بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان میں سنور سے رکن اسمبلی ہرمیت سنگھ پٹھان ماجرا اور سمانہ سے رکن اسمبلی اور سابق وزیر چیتن سنگھ جوڑاماجرا شامل ہیں۔ دونوں اراکین اسمبلی نے آج پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا۔ پارٹی چھوڑنے کے بعد دونوں اراکین اسمبلی شام 4:30 بجے چندی گڑھ پریس کلب میں پریس کانفرنس کریں گے۔ اس دوران وہ پارٹی سے استعفیٰ دینے کی وجہ بھی بتائیں گے۔
چیتن سنگھ جوڑاماجرا عام آدمی پارٹی کی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔ تاہم کچھ عرصہ قبل پارٹی نے سمانہ اسمبلی حلقے میں ان کی جگہ سابق اکالی رہنما سُرجیت سنگھ رکھڑا کو حلقہ انچارج کی ذمہ داری سونپ دی تھی۔ اس کے بعد سے ہی پارٹی میں ان کے کردار کو لے کر سوال اٹھ رہے تھے۔ دوسری جانب سنور سے رکن اسمبلی ہرمیت سنگھ پٹھان ماجرا بھی تنازعات میں رہے ہیں۔ ان کے خلاف عصمت دری کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ اس کے بعد وہ آسٹریلیا چلے گئے تھے۔ بعد میں تفتیش میں شامل ہونے کے لیے ہندوستان واپس آنے پر پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ 2 اراکین اسمبلی کے ایک ساتھ استعفیٰ دینے سے پنجاب کی سیاست اور عام آدمی پارٹی میں ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ استعفے کے بعد سیاسی حلقوں میں سب کی نظریں اب شام 4:30 بجے ہونے والی پریس کانفرنس پر مرکوز ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں اراکین اسمبلی اس موقع پر اپنے استعفے کی وجہ اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے بارے میں کھل کر بات کر سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پنجاب اسمبلی انتخاب 2027 کے لیے عام آدمی پارٹی (عآپ) نے ہفتہ (31 اکتوبر) کو امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔ پارٹی نے اس فہرست میں اسمبلی کی 40 نشستوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو دھوری اسمبلی حلقہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
