مرکزی ایجنسیوں کے خلاف ٹی ایم سی لیڈران سراپا احتجاج، گزشتہ 18 گھنٹوں سے دھرنا جاری

ٹی ایم سی لیڈروں کے وفد نے مرکزی ایجنسیوں کے خلاف کل الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنا دیا تھا، انہیں حراست میں لے کرمندرمارگ پولیس اسٹیشن لایا گیا تو یہ وہیں پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے۔

<div class="paragraphs"><p>ٹی ایم سی کے لیڈران کا احتجاج / ویڈیو گریب</p></div>

ٹی ایم سی کے لیڈران کا احتجاج / ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

مرکزی ایجنسیوں کے خلاف دہلی میں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) سڑکوں پر اتری ہوئی ہے۔ پارٹی کے لیڈران گزشتہ 18 گھنٹوں سے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ ٹی ایم سی نے 24 گھنٹے کے دھرنے کا اعلان کیا ہے۔ منگل (9 اپریل) کی صبح ٹی ایم سی لیڈر دوبارہ دہلی کے مندر مارگ پولیس اسٹیشن کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے ہیں اور اپنے مطالبات کو لے کر آواز اٹھا رہے ہیں۔ اس سے قبل پیر کو دہلی پولیس نے ٹی ایم سی لیڈروں کو حراست میں لے کر تھانے لے گئی تو یہ وہیں پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے۔ پارٹی لیڈروں نے پوری رات تھانے میں گزاری اور صبح دوبارہ دھرنا شروع کردیا۔

ٹی ایم سی کی راجیہ سبھا کی رکن ساگاریکا گھوش نے منگل کی صبح ’ایکس‘ پر پوسٹ شیئر کیا اور لکھا کہ ’’ٹی ایم سی کی ہڑتال 24 گھنٹے سے جاری ہے۔ کل (پیر) شام 5 بجے جب ہم الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے سے نکلے تو دہلی پولیس نے ہمیں دھکا دییتے اور برا سلوک کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔ پولیس ہمیں بس کے ذریعے نامعلوم مقام پر لے گئی اور آخر میں مندر مارگ پولیس اسٹیشن لایا گیا۔ ہم نے رات وہیں گزاری۔ مرکزی ایجنسیاں این آئی اے، سی بی آئی، آئی ٹی اور ای ڈی کا مودی حکومت 2024 کے عام انتخابات میں اپوزیشن کے خلاف کھلے عام غلط استعمال کر رہی ہے۔ اس کے خلاف ہمارا احتجاج آج صبح سے ایک بار پھر جاری ہے۔‘‘


مرکزی ایجنسیوں کے خلاف دھرنا دینے والے ٹی ایم سی لیڈران میں ڈیرک اوبرائن، محمد ندیم الحق، ڈولا سین، ساکیت گوکھلے، ساگاریکا گھوش، ایم ایل اے وویک گپتا، سابق ایم پی ارپیتا گھوش، شانتنو سین اور ابیر رنجن بسواس اور پارٹی کے مغربی بنگال اسٹوڈنٹ ونگ کے نائب صدر سدیپ شامل ہیں۔ ٹی ایم سی کے 10 لیڈروں کا یہ وفد الیکشن کمشنر سے ملنے گیا تھا، جس کے بعد الیکشن کمیشن آفس کے باہر ہی یہ ہڑتال پر بیٹھ گئے تھے۔

ایک دن پہلے پیر کو ٹی ایم سی کے لیڈروں کو دہلی پولیس نے اس وقت حراست میں لیا جب وہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)، نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور محکمہ انکم ٹیکس کے سربراہوں کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ای سی آئی کے دفتر کے باہر دھرنے کے بعد حراست میں لے کر انہیں مندر مارگ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ یہ تمام لیڈران ہنوز تھانے میں موجود ہیں۔ ٹی ایم سی لیڈران نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ معلومات کے مطابق کل رات پولس نے تمام لیڈروں کو تھانے سے نکل جانے کو کہا تھا لیکن وہ نہیں گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔