معروف سماجی کارکن سوامی اگنیویش نے بھی دنیا کو کہا الوداع!

سوامی اگنیویش کو پیر کے روز طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن ان کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کر دیا جس کی وجہ سے انھیں وینٹی لیٹر پر رکھنا پڑا تھا، اور آج انتقال ہو گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

مشہور و معروف سماجی کارکن اور آریہ سماج سے تعلق رکھنے والی باوقار شخصیت سوامی اگنیویشن کا جمعہ کی شام دہلی واقع آئی ایل بی ایس (انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ بائیلری سائنسز) اسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہو گیا۔ سوامی اگنیویش کو پیر کے روز طبیعت خراب ہونے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن ان کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کر دیا جس کی وجہ سے انھیں نہیں بچایا جا سکا۔

آئی ایل بی ایس نے سوامی اگنیویش کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "سوامی اگنیویش کو جمعہ کی شام 6 بجے دل کا دورہ پڑا۔ انھیں بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی، لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔ انھوں نے شام 6.30 بجے آخری سانس لی۔" لیور سروسس سے متاثر سوامی اگنیویش کی بیماری کے تعلق سے کہا جا رہا ہے کہ ان کی کئی اہم اعضا نے کام کرنا بند کر دیا تھا جس کی وجہ سے منگل کے روز انھیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ اسپتال کے سینئر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی حالت پر گہری نظر رکھ رہی تھی، لیکن انھیں بچایا نہیں جا سکا۔


واضح رہے کہ 21 ستمبر 1939 میں پیدا ہوئے سوامی اگنیویش سماجی ایشوز پر اپنی بے باک رائے رکھنے کے لیے جانے جاتے تھے۔ 1970 میں آریہ سماج نام کی سیاسی پارٹی بھی انھوں نے بنائی تھی۔ 1977 میں وہ ہریانہ اسمبلی میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور ہریانہ حکومت میں وزیر تعلیم بھی رہے۔ 1981 میں انھوں نے بندھوا مکتی مورچہ نامی تنظیم تشکیل دی۔

سوامی اگنیویش نے 2011 میں بدعنوانی مخالف انّا ہزارے تحریک میں بھی شامل ہوئے تھے، حالانکہ بعد میں کچھ نظریاتی اختلافات کے سبب وہ تحریک سے دور ہو گئے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ سوامی اگنیویش نے سلمان خان کے مشہور رئیلٹی شو 'بگ باس' میں بھی حصہ لیا تھا۔ وہ 8 سے 11 نومبر کے دوران تین دنوں کے لیے 'بگ باس' کے گھر میں رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Sep 2020, 9:11 PM