انتخابی مہم کے آخری دن پرینکا گاندھی کا طوفانی دورہ، 4 ریلیوں سے کریں گی خطاب

پرینکا گاندھی کل یعنی دس مئی کو انتخابی مہم کے آخری دن بستی منڈل کے بستی، سنت کبیر نگر، ڈومریا گنج اور بھدوہی پارلیمانی حلقوں میں پارٹی امیدواروں کی حمایت میں منعقد عوامی ریلیوں سے خطاب کریں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سدھارتھ نگر: کانگریس جنرل سکریٹری اور مشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی جمعہ کو مشرقی اترپردیش میں چار ریلیوں سے خطاب کر کے انتخابی مہم کے آخری دن ووٹروں کو اپنی پارٹی کی جانب مائل کرنے کی کوشش کریں گی۔ جمعرات کے روز پرینکا گاندھی نے جونپور اور پرتاپ گڑھ میں ریلیوں سے خطاب کیا۔

کانگریس ترجمان نے جمعرات کو بتایا کہ پرینکا گاندھی کل یعنی دس مئی کو انتخابی مہم کے آخری دن بستی منڈل کے بستی، سنت کبیر نگر، ڈومریا گنج اور بھدوہی پارلیمانی حلقوں پر پارٹی امیدواروں کے حمایت میں منعقد عوامی ریلیوں سے خطاب کریں گی۔ ان سیٹوں پر چھٹے مرحلے کے تحت 12 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ پرینکا گاندھی کی آخری انتخابی ریلی کل بھدوہی پارلیمانی سیٹ راما کانت یادو کی حمایت میں منعقد ہوگی۔


واضح رہے کہ 10 مئی چھٹے مرحلے کے لئے انتخابی مہم کا آخری دن ہوگا۔ چھٹے مرحلے کے تحت اترپردیش میں سلطان پور، پرتاپ گڑھ، پھولپور،الہ آباد،امبیڈکر نگر، شراوستی، ڈومریا گنج، بستی، سنت کبیر نگر، لال گنج ، اعظم گڑھ، جونپور، مچھلی شہر، بھدوہی پارلیمانی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔

قبل ازیں بدھ کی شام پرینکا گاندھی نے جنوبی دہلی لوک سبھا سیٹ سے کانگریس امیدوار اور سابق اولمپین مکہ باز وجندر سنگھ کے حق میں روڈ شو نکالا۔ یہ روڈ شو شام سات بجے وراٹ سنیما سے شروع ہوا اور آٹھ بجے تگڑی چوراہے پر ختم ہوا۔ روڈ شو میں موجود کانگریس کارکنان کو پرینکا گاندھی میں انہیں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی شبیہ نظر آتی ہے۔


کانگریس کی کونسلر اوم وتی نے پی ٹی آئی سے کہا، ’’میں نے اندرا گاندھی کو کئی بار دیکھا تھا اور پرینکا گاندھی بھی بالکل انہیں کی طرح لوگوں کا خیرمقدم کرتی ہیں، بات چیت کرتی ہیں۔ ان کا چہرہ، ان کی بات چیت، سب کچھ ان کی دادی کی طرح ہے۔ ان کے سیاست میں آنے سے کانگریس میں نئی جان پیدا ہوئی ہے۔‘‘

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔