پرینکا گاندھی کا یوگی پر حملہ، کہا ’جس پراپرٹی پر یوگی بیٹھے ہیں وہ عوام کی ہی ہے‘

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ جائز مطالبات کے لیے آواز اٹھانے والوں کو ڈرانے اور دھمکانے کے لیے اقتدار کا غلط استعمال کرنا جرم ہے۔

پرینکا گاندھی اور یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
پرینکا گاندھی اور یوگی آدتیہ ناتھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ذریعہ دیے گئے ’پراپرٹی ضبط کرنے‘ والے بیان پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جوابی حملہ کیا ہے۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر یوگی حکومت کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اس ملک میں اپنی آواز اٹھانا، مظاہرہ کرنا اور اپنے مطالبات کے لیے تحریک چلانا ایک آئینی حق ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ جائز مطالبات کے لیے آواز اٹھانے والوں کو ڈرانے اور دھمکانے کے لیے اقتدار کا غلط استعمال کرنا ایک جرم ہے۔ جس ’پراپرٹی‘ پر یوگی جی بیٹھے ہیں، وہ ان کی نہیں، ملک کی عوام کی ہے۔ یاد رکھیں کہ وہ پراپرٹی بھی ایک دن عوام ضبط کر سکتی ہے۔

پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ پر یوگی آدتیہ ناتھ کے اس بیان کا ٹوئٹ بھی شیئر کیا ہے جس میں وزیر اعلیٰ نے پراپرٹی ضبط کرنے کی بات کہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ٹوئٹ کر کے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی کے بھی بہکاوے میں نہ آئیں۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے واضح کیا کہ جو بھی غلط سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے گا اس کی پراپرٹی ضبط کر لی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے یہ بھی کہا کہ جس کو بھی اپنی پراپرٹی ضبط کروانی ہو وہی غلط کام کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔