اظہارِ رائے کی آزادی کا احترام، مگر ہم آہنگی کو فروغ دینے والی فلموں کی ضرورت: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی جمہوریت کا بنیادی حق ہے لیکن موجودہ ماحول میں ایسی تخلیقات ہونی چاہئیں جو امن، محبت اور سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کریں، نہ کہ ایسی جو نفرت کو ہوا دیں

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور وائناڈ کی رکن پارلیمان پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ اظہارِ رائے کی آزادی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس کا مکمل احترام ہونا چاہیے، تاہم ایسے ماحول میں جہاں بیان بازی، غصہ اور نفرت میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہو، تخلیقی کاموں کو سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔

وہ کیرالہ ہائی کورٹ کی جانب سے فلم ’دی کیرالہ اسٹوری 2 – گوز بیونڈ‘ کی ریلیز پر عارضی پابندی سے متعلق سوالات کا جواب دے رہی تھیں۔

خیال رہے کہ عدالت کی سنگل جج بنچ نے ابتدائی مشاہدے میں کہا کہ سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن کی جانب سے قانونی تقاضوں پر مناسب طور پر عمل درآمد نہ ہونے کا بادی النظر میں تاثر ملتا ہے، جس کے بعد فلم کی نمائش پر 15 دن کے لیے روک لگا دی گئی۔ بعد ازاں فلم کے پروڈیوسر نے اس فیصلے کو ڈویژن بنچ میں چیلنج کر دیا۔

اپنے تین روزہ دورۂ کیرالہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا، ’’سب سے پہلے میں یہ سمجھتی ہوں کہ لوگوں کو اظہارِ رائے کی آزادی ہونی چاہیے۔ اسی کے ساتھ ایسے ماحول میں جو تیزی سے سخت بیانات اور نفرت سے بھر رہا ہو، بہتر ہے کہ تخلیقی انداز میں ایسی چیزیں بنائی جائیں جو خوشی، امن، محبت اور عوام کی فلاح کو آگے بڑھائیں۔‘‘


انہوں نے کہا کہ وہ کیرالہ کے عوام کی معترف ہیں اور وائناڈ میں مختلف برادریوں کے درمیان ہم آہنگی کو قریب سے دیکھ چکی ہیں۔ ان کے مطابق کیرالہ کے لوگ مذہب یا ذات پات کی تفریق کے بغیر ایک دوسرے کے تہوار مناتے ہیں اور مشکل وقت میں مل کر کھڑے ہوتے ہیں۔

پرینکا گاندھی نے چورالملا اور منڈکائی کے لینڈ سلائیڈ سانحے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس المیے نے کیرالہ کی اصل روح کو ظاہر کیا، جہاں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد نے متحد ہو کر متاثرین کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ یہی جذبہ ہندوستان کی اصل پہچان ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے مثبت واقعات کو زیادہ نمایاں کیوں نہ کیا جائے۔ ان کے مطابق فن اور کہانی سنانے کا عمل معاشرے کو جوڑنے کا ذریعہ بن سکتا ہے، اس لیے ایسی تخلیقات کی ضرورت ہے جو تعلقات کو مضبوط کریں اور پورے ملک کو اتحاد اور باہمی احترام کا پیغام دیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔