ہتک عزتی کے مقدمہ میں بریت پر پرینکا نے کی راہل کی تعریف، کہا- ’جھوٹ کے خلاف کیا ثابت قدمی کا مظاہرہ‘

پرینکا گاندھی نے ہتک عزتی کے مقدمہ میں راہل گاندھی کی بریت کے بعد کہا کہ جھوٹ کے حملوں کا سامنا کرنے کے لیے سچے جنگجو جیسا حوصلہ درکار ہے۔ انہوں نے سچائی کو دبانے کی کوششوں پر حکومت کو نشانہ بنایا

<div class="paragraphs"><p>راہل اور پرینکا گاندھی / تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ہتک عزتی ایک مقدمہ میں اپنے بھائی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی بریت کے بعد ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹ کے مسلسل حملوں کا سامنا کرنے کے لیے بے پناہ حوصلے، ثابت قدمی اور ایک سچے جنگجو جیسی استقامت کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچائی کو زیادہ عرصے تک دبایا نہیں جا سکتا اور بالآخر سچ سامنے آ کر رہتا ہے۔

پرینکا گاندھی نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر راہل گاندھی کی پوسٹ کے جواب میں یہ بات کہی۔ راہل گاندھی نے مقدمہ میں بری ہونے کے ایک دن بعد اپنی پوسٹ میں صرف ’ستیم شوم سندرم‘ لکھا تھا، جس کا مفہوم سچائی، نیکی اور خوب صورتی ہے۔

پرینکا گاندھی نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حکومت نے ان کے بھائی کی شبیہ خراب کرنے، انہیں بدنام کرنے اور ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کرانے کے لیے غیر معمولی وسائل صرف کیے ہیں۔ ان کے مطابق، ایسا صرف اس لیے کیا گیا کیونکہ راہل گاندھی بے خوف ہوکر سچ بولتے ہیں۔


انہوں نے کہا، ’’جھوٹ کے طوفان کے سامنے اس طرح ڈٹے رہنے کے لیے، جیسا کہ راہل گاندھی ڈٹے رہے ہیں، بے پناہ حوصلے، ثابت قدمی اور ایک سچے جنگجو جیسی استقامت درکار ہوتی ہے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے مزید کہا کہ سچائی کو زیادہ عرصے تک دبایا نہیں جا سکتا، وقت کے ساتھ ایک ایک کر کے حقیقت سامنے آتی جائے گی اور سچائی پوری وضاحت اور مضبوطی کے ساتھ ابھر کر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض شروعات ہے۔

خیال رہے کہ راہل گاندھی کو اتر پردیش کے سلطان پور میں ایم پی-ایم ایل اے عدالت نے پیر کو ہتک عزتی کے ایک مقدمہ میں بری کر دیا تھا۔ یہ معاملہ 2018 میں اس وقت کے بی جے پی صدر امت شاہ کے بارے میں راہل گاندھی کے بیان سے متعلق تھا۔

عدالت کے اس فیصلے کے بعد کانگریس نے بی جے پی پر سخت تنقید کی تھی۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ بی جے پی مجرمانہ کردار رکھنے والے افراد کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔ کانگریس نے یہ بھی کہا کہ وہ گاندھیائی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے بی جے پی کا مقابلہ کرے گی اور محبت، ہمدردی اور ثابت قدمی کے ذریعے اسے شکست دینے کی کوشش کرے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔