پی ایم مودی کے چیف مشیر پی کے سنہا نے دیا استعفیٰ؟

پی کے سنہا وزیر اعظم دفتر کے دوسرے ایسے افسر ہیں جنھوں نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیا ہے۔ اس سے قبل وزیر اعظم دفتر میں چیف سکریٹری رہے نرپیندر مشرا نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔

پردیپ کمار سنہا، تصویر آئی اے این ایس
پردیپ کمار سنہا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کے چیف ایڈوائزر یعنی مشیر پردیپ کمار سنہا نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق منگل کے روز یہ خبر سامنے آئی کہ پی کے سنہا نے چیف ایڈوائزر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا ہے، حالانکہ انھوں نے یہ استعفیٰ کب دیا اس بارے میں مصدقہ طور پر کچھ سامنے نہیں آیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آئی اے ایس 1977 بیچ کے افسر رہے سنہا کو ستمبر 2019 میں وزیر اعظم کے پرنسپل ایڈوائزر کے عہدہ پر تقرری ملی تھی۔ اس سے پہلے انھیں کچھ وقت کے لیے وزیر اعظم دفتر میں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی تقرر کیا گیا تھا۔ وہ چار سالوں تک کابینہ سکریٹری کی شکل میں بھی اپنی خدمات دے چکے ہیں۔

پی کے سنہا نے 13 جون 2015 سے لے کر 30 اگست 2019 تک کابینہ سکریٹری کے طور پر کام کیا تھا۔ پی کے سنہا نے بجلی اور جہاز رانی وزارت میں سکریٹری کے طور پر بھی کام کیا ہے۔ علاوہ ازیں انھوں نے پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت میں اسپیشل سکریٹری کی شکل میں بھی کام کیا ہے۔ بہر حال، اپنے استعفیٰ کے پیچھے کی وجہ پی کے سنہا نے ذاتی اسباب کو بتایا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ پی کے سنہا وزیر اعظم دفتر کے دوسرے ایسے افسر ہیں جنھوں نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیا ہے۔ اس سے قبل وزیر اعظم دفتر میں چیف سکریٹری رہے نرپیندر مشرا نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ پی کے سنہا کے استعفیٰ پر حکومت کی جانب سے کوئی جانکاری نہیں دی گئی ہے اور نہ ہی کسی کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ نیوز ۱۸ پر شائع اس خبر کی سرکاری ذرائع سے کوئی تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Mar 2021, 8:10 PM
/* */