اتر پردیش: اکتوبر سے شروع ہوگا پرائمری ٹیچروں کے تبادلے کا عمل

یو پی بیسک ایجوکیشن کے وزیر ستیش دویدی کا کہنا ہے کہ حکومت ٹیچروں کو سبھی سہولیات دستیاب کرائے گی لیکن انہیں بھی اپنی باقاعدہ حاضری کے لئے حکومت کو یقین دہانی کرانی ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
i

بستی: اترپردیش کے بیسک ایجوکیشن وزیر ستیش دویدی نے پیر کو کہا کہ پرائمری اسکولوں کے ٹیچروں کے ٹرانسفر کی کاروائی کا آغاز اکتوبر سے پوری شفافیت کے ساتھ ہوجائے گا۔ ستیش دویدی نے صحافیوں سے کہا’’ اس بار ٹرانسفر ایک طے شدہ عمل کے تحت کیے جائیں گے جس میں ٹیچروں کو اپنے آبائی گاؤں کے نزدیک پوسٹنگ دی جائےگی۔ تبادلوں کی متعینہ مدت میں بھی پانچ سالوں سے کم کر کے تین سال کردی گئی ہے جبکہ خاتون ٹیچروں کوا یک سال کے اندر ہی تبادلے کا فائدہ دیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ انوپما جیسوال کو کابینہ سے ہٹائے جانے کے بعد ستیش دویدی کو ان کی جگہ پر بیسک ایجوکیشن وزیر بنایا گیا ہے۔ ستیش دویدی نے بتایا کہ حکومت ٹیچروں کو سبھی سہولیات دستیاب کرائے گی لیکن انہیں بھی اپنی باقاعدہ حاضری کے لئے حکومت کو یقینی دہانی کرانی ہوگی۔


خود بھی ٹیچر رہ چکے ستیش دویدی نے کہا کہ جب وہ ٹیچر تھے تو ان سے 20 ہزار روپئے رشوت طلب کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب ٹیچر ڈپارٹمنٹ میں بدعنوانی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اساتذہ کے لئے نیا ایپ تیار کیا ہے جس کے ذریعہ وہ اپنی حاضری درج کرانے کے ساتھ چھٹی کی عرضی بھی دے سکتے ہیں۔نیا ایپ پانچ ستمبر کو یوم اساتذہ کے موقع پر لانچ کیا جائےگا۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔