صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 3 یورپی ممالک کے دورے پر روانہ، ہندوستان کے تعلقات میں آئے گی بہتری
وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ ’’صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جمہوریہ مالدووا، جمہوریہ شمالی مقدونیہ اور رومانیہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہوئی ہیں۔‘‘

صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو 3 یورپی ممالک کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئی ہیں۔ وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق صدر جمہویہ مرمو اتوار کی صبح راجدھانی نئی دہلی سے روانہ ہوئیں۔ وزارتِ خارجہ نے کہا کہ صدر جمہوریہ کے اس دورے سے ان ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو نئی رفتار ملے گی۔ وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ ’’صدر جمہوریہ دروپدی مرمو جمہوریہ مالدووا، جمہوریہ شمالی مقدونیہ اور رومانیہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہوئی ہیں۔ یہ کسی بھی ہندوستانی صدر جمہوریہ کا مالدووا اور شمالی مقدونیہ کا پہلا دورہ ہے، جبکہ گزشتہ 3 دہائیوں میں رومانیہ کا کسی ہندوستانی صدر جمہوریہ کا پہلا دورہ ہے۔ اس دورے سے ان ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات بہتر ہوں گے۔‘‘
وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک خصوصی پریس بریفنگ میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے یورپی دورے کے پروگراموں کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ اس موقع پر وزارتِ خارجہ کے سکریٹری (مغرب) سِبی جارج، صدر کی پریس سکریٹری ڈاکٹر منیشا ورما اور جنوبی یورپ ڈویژن کی جوائنٹ سکریٹری الپنا دوبے بھی موجود تھیں۔ سکریٹری (مغرب) سِبی جارج نے بتایا کہ صدر دروپدی مرمو کا یہ سرکاری دورہ تینوں ممالک کے صدور کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہندوستان اب وسطی اور مشرقی یورپ کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر مسلسل توجہ دے رہا ہے۔ ساتھ ہی یہ یورپ اور یورپی یونین کے ساتھ ہندوستان کی وسیع تر شراکت داری کو آگے بڑھانے کی سمت میں بھی ایک اہم قدم ہے۔ ساتھ ہی ’ٹی‘ ٹریڈ ٹیکنالوجی اورسیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
مالدووا نے 2023 میں نئی دہلی میں اپنا سفارت خانہ قائم کیا تھا۔ اس لیے یہ دورہ تاریخی اور سیاسی اعتبار سے انتہائی اہم ہے اور اس بات کی علامت ہے کہ ہندوستان مشرقی یورپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مسلسل مضبوط کر رہا ہے۔ قبل ازیں بیرونِ ممالک روانگی سے قبل صدر جمہوریہ کے دفتر کی جانب سے بتایا گیا کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 19 سے 25 جولائی 2026 تک مالدووا، شمالی مقدونیہ اور رومانیہ کے سرکاری دورے پر رہیں گی۔ اس دورے کا مقصد یورپ کے ان ممالک کے ساتھ ہندوستان کے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
