دہلی کے اندرلوک میٹرو اسٹیشن پر خواتین کے واش روم میں ایک شخص کی لاش لٹکی ملی

دہلی کے اندرلوک میٹرو اسٹیشن پر خواتین کے واش روم میں ایک نگراں کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی ملی۔ یہ شخص دو دن سے لاپتہ تھا، اور بدبو کی وجہ سے اس کا پتہ چلا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے اندرلوک میٹرو اسٹیشن پر ہفتہ کو اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب اسٹیشن کے احاطے میں خواتین کے واش روم میں ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور میٹرو انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی۔

پولیس کے مطابق ہفتہ کی شام تقریباً 5 بجکر 33 منٹ پر ایک کال موصول ہوئی۔ فون کرنے والے نے اطلاع دی کہ اندرلوک میٹرو اسٹیشن کے سلبھ ٹوائلٹ کمپلیکس میں خواتین کا بیت الخلا اندر سے بند تھا اور اس سے شدید بدبو آرہی تھی۔ اطلاع ملنے پر این ایس پی میٹرو اسٹیشن کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔ پولیس نے پہنچ کرخواتین واش روم کا دروازہ توڑا تو اندر کا منظر خوفناک تھا۔ ایک شخص کی نعش جس کی عمر تقریباً 40 سال تھی، اندر سے پھندے سے لٹکی ہوئی ملی۔


نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق ڈی سی پی میٹرو نے بتایا کہ متوفی کی شناخت واش روم کے نگراں کے طور پر کی جارہی ہے۔ جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ اسے آخری بار دو روز قبل دیکھا گیا تھا۔ شبہ ہے کہ لاش دو دن پرانی ہے جس کی وجہ سے جائے وقوعہ سے بدبو آرہی تھی۔

پولیس کرائم ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کئے۔ لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بی ایس اے اسپتال کے مردہ خانے میں 72 گھنٹے کے لیے محفوظ کر دیا گیا ہے۔ میٹرو حکام کے ذریعے متوفی کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔


پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ وہ اس بات کی بھی تفتیش کر رہے ہیں کہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے یا کوئی گہری سازش ہے۔ خواتین کے واش روم کا دروازہ اندر سے بند ہونا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔