وزیر اعظم کو کسانوں کا ایم ایس پی کا مطالبہ قبول کرنا چاہئے: ورون گاندھی

بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھا ہے جس میں حکومت سے کہا گیا ہے کہ اسے کسانوں کی کم از کم امدادی قیمت کو قانونی طور پر پابند بنانے کے دوسرے مطالبے کو قبول کر لینا چاہئے

ورون گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
ورون گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے جس میں حکومت سے کہا گیا ہے کہ کسانوں کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کو قانونی طور پر پابند بنانے کے دوسرے مطالبے کو قبول کر لینا چاہئے۔

وزیر اعظم کی طرف سے زراعت ایکٹ کو واپس لینے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ورون گاندھی نے ہفتہ کو اپنے خط میں لکھا کہ کسانوں کی دوسری مانگ کو قبول کرنے سے کسانوں کو ایک بہت بڑا معاشی تحفظ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لکھیم پور کھیری واقعہ کی منصفانہ تحقیقات کی جائے اور واقعہ کے ملزم مرکزی وزیر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


خط میں ورون گاندھی نے لکھا کہ ملک کے کسانوں نے شدید بارش، طوفان اور خراب موسم کے باوجود پرامن طریقے سے تحریک جاری رکھی۔ اس کے لیے کسانوں کو مبارکباد دی جانی چاہیے۔ انہوں نے لکھا کہ اگر مناسب وقت پر زرعی قوانین کو واپس لینے کا فیصلہ کرلیا جاتا تو اس تحریک کی وجہ سے اپنی جانیں دینے والے 700 کسانوں کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔

بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نے کسانوں کے احتجاج میں مارے گئے تمام 700 کسانوں کے لیے فی ایک کروڑ روپے کا معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ متاثرین کے اہل خانہ آسانی سے اپنی زندگی گزار سکیں۔ واضح رہے کہ کسانوں کی تحریک اور کسانوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے ورون گاندھی ماضی میں کئی بار اس مسئلہ پر اپنی ہی حکومت کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔