ہندوستان کے نائب صدر ونکیا نائیڈو کی الوداعی تقریب میں پی ایم مودی ہوئے جذباتی!

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’’آپ نے ہر کام میں نئی جان پھونکنے کی کوشش کی ہے، ایوان کے سربراہ کی شکل میں ہم نے آپ کو الگ الگ ذمہ داریوں میں بڑی لگن سے کام کرتے دیکھا ہے۔‘‘

ونکیا نائیڈو، تصویر آئی اے این ایس
ونکیا نائیڈو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین ونکیا نائیڈو کی آج پارلیمنٹ سے باضابطہ وداعی ہو گئی۔ نئے نائب صدر کا انتخاب گزشتہ دنوں ہو چکا ہے اور این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکھڑ اب ونکیا نائیڈو کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ آج وداعی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت حزب اقتدار اور حزب مخالف کے سبھی لیڈران موجود تھے۔ اس موقع پر پی ایم مودی جذباتی بھی نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایوان کے یے یہ بہت جذباتی لمحہ ہے۔ ایوان کے کتنے ہی تاریخی لمحات آپ کی پروقار موجودگی سے جڑے ہیں۔ آپ کا جذبہ اور لگن ہم لوگوں نے لگاتار دیکھا ہے۔ میں ہر معزز اراکین پارلیمنٹ اور ملک کے ہر نوجوان سے کہنا چاہوں گا کہ وہ سماج، ملک اور جمہوریت کے بارے میں آپ سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے ونکیا نائیڈو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ نے ہر کام میں نئی جان پھونکنے کی کوشش کی ہے، ایوان کے سربراہ کی شکل میں ہم نے آپ کو الگ الگ ذمہ داریوں میں بڑی لگن سے کام کرتے دیکھا ہے۔ آپ نے کبھی بھی کسی کام کو بوجھ نہیں مانا۔ نجی طور پر میری یہ خوش قسمتی رہی ہے کہ میں نے بڑے قریب سے آپ کو الگ الگ کردار میں دیکھا ہے۔ مجھے آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کرنے کی بھی خوش قسمتی حاصل ہوئی ہے۔‘‘


ونکیا نائیڈو کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ’’نائب صدر کی شکل میں آپ نے ایوان کے باہر جو تقریریں کی ہیں، ان میں تقریباً 25 فیصد نوجوانوں کے درمیان میں ہوئی ہیں۔ آپ ملک کے ایک ایسے نائب صدر ہیں جس نے اپنے سبھی کردار میں ہمیشہ نوجوانوں کے لیے کام کیا ہے۔ ایوان میں بھی ہمیشہ نوجوان اراکین پارلیمنٹ کو آگے بڑھایا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */