مودی شمال مشرق کو جلانے اور معیشت کو تباہ کرنے پر معافی مانگیں: راہل گاندھی
کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کی پرانی تقریر کی ایک ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شمال مشرق کو جلانے اور ملک کی معیشت کو تباہ کرنے پر عوام سے معافی مانگنی چاہئے

ناقصد پالسیوں اور خواتین کی حفاظت کے تئیں لاپروائی والا رویہ اختیار کرنے پر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کی طرف سے مودی حکومت کو ہدف تنقید بنائے جانے سے بی جے پی بری طرح بوکھلا گئی ہے اور برسر اقتدار جماعت بی جے پی نے اس معاملہ پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ کیا۔ راہل گاندھی نے اس کے بعد اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا اور کہا کہ وزیر اعظم مودی کو شمال مشرق کی خراب صورتحال اور ملکی معیشت کو برباد کرنے پر ملک سے معافی مانگنی چاہئے۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی نے آئے دن ملک میں پیش آ رہے عصمت دری کے واقعات پر مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’آج ہندوستان کو دنیا میں ’ریپ کیپٹل‘ کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔‘
راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا: مودی کو معافی مانگنی چاہئے۔
- شمال مشرق کو کے لئے
- ملک کی معیشت کو تباہ کرنے کے لئے
- اس تقریر کے لئے جس کی کلپ میں اپلوڈ کر رہا ہوں
راہل گاندھی نے اپنے ٹویٹ میں جو ویڈیو منسلک کی ہے اس میں مودی کہتے نظر آ رہے ہیں، ’’آئے دن دہلی میں عصمت دری کے واقعات کی خبریں منظر عام پر آتی ہیں، دہلی ’ریپ کیپٹل‘ بنا دیا ہے۔ دہلی کو جس انداز سے ریپ کیپٹل بنایا گیا ہے اس کی وجہ سے، پوری دنیا میں ہندوستان کی توہین ہو رہی ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ بی جے پی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے اس طرح کے ہتھکنڈوں کو اپنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دنیا میں ہندوستان کی شبیہ کو داغدار کر دی ہے اور آج معیشت کی کوئی بات ہی نہیں ہوتی۔
کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’میرے فون میں ایک کلپ موجود ہے، جس میں نریندر مودی دہلی کو ’ریپ کیپٹل‘ قرار دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں، بی جے پی نے، نریندر مودی اور امت شاہ نے شمال مشرق کو جلا دیا ہے، بنیادی مسئلہ یہ ہے۔ اب نریندر مودی اور بی جے پی اس مسئلے سے توجہ ہٹانے کے لئے مجھ مجھے نشانہ بنا رہے ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے اپنے بیان کو ایک مرتبہ پھر دوہراتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’میک ان انڈیا‘ ہوگا۔ ہم نے سوچا تھا کہ میک ان انڈیا اخبرات میں چھا جائیں گے لیکن آج اخباروں میں ہر جگہ ’ریپ ان انڈیا‘ نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہ ایسی کوئی ریاست نہیں ہے جہاں بی جے پی حکمرانی کر رہی ہو اور وہاں خواتین کی عصمت دری نہ ہو رہی ہو۔
وزیر اعظم مودی پر حملہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’نریندر مودی کو بھی اس کا جواب دینا ہے، خواتین کی بات تو ہے لیکن انھیں یہ بھی جواب دینا ہوگا کہ انہوں نے ہندوستان کی معیشت کو کیوں تباہ کیا؟ انہیں یہ بھی جواب دینا ہوگا کہ ہندوستان کے نوجوانوں جن کے پاس روزگار تھا ان کا روزگار کیوں چھین لیا؟‘‘ راہل گاندھی نے کہا، ’’اب میں بات کرتا ہوں معافی مانگنے کی، میں ان سے معافی کبھی نہیں مانگنے والا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔