پنڈت جواہر لال نہرو کے یومِ وفات پر پی ایم مودی نے پیش کیا خراج عقیدت، کھڑگے اور راہل پہنچے ’شانتی وَن‘

کانگریس نے سوشل میڈیا پر ’ڈرو مت‘ کیپشن لگا کر جواہر لال نہرو سے متعلق 28 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس میں نہرو کے ذریعہ 15 اگست 1960 کو لال قلعہ کی فصیل سے کی گئی تقریر کا حصہ شامل ہے۔

<div class="paragraphs"><p>جواہر لال نہرو، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

آج ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کا یومِ وفات منایا جا رہا ہے۔ 1964 میں آج ہی کی تاریخ، یعنی 27 مئی کو ان کا انتقال ہوا تھا۔ ان کے یومِ وفات پر وزیر اعظم نریندر مودی، راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی سمیت کئی سرکردہ لیڈران نے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ پی ایم مودی نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کے یومِ وفات پر خراج عقیدت۔‘‘

کانگریس پارٹی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ’ڈرو مت‘ کیپشن لگا کر جواہر لال نہرو سے متعلق 28 سیکنڈ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس میں نہرو کے ذریعہ 15 اگست 1960 کو لال قلعہ کی فصیل سے یومِ آزادی کے موقع پر کی گئی تقریر کا ایک اہم حصہ شامل ہے۔ اس میں نہرو کہتے ہیں ’’یاد رکھیے، دنیا میں بہت سی خامیاں ہوتی ہیں، بہت سی خرابیاں ہوتی ہیں، لیکن ایک خامی، ایک خرابی، ایک گناہ، ایک کمزوری، جو بھی اسے کہیے، ان سب میں سب سے بڑی چیز خوف ہے۔‘‘


کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے راجدھانی دہلی میں ’شانتی وَن‘ پہنچ کر نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو کی پائیدار وراثت آج بھی ہندوستان کی روح کی رہنمائی کرتی ہے۔ نہرو نے اپنی زندگی آزادی، جمہوریت، سیکولرزم اور سائنسی سوچ کے نظریات کے لیے وقف کر دی تھی۔ کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ نہرو کی دور اندیش قیادت آج بھی ملک کے اجتماعی شعور کو تحریک دیتی ہے اور ایک جامع و ترقی پسند قوم کے عزم کو مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے ملک کے پہلے وزیر اعظم کو ’ہند کے جواہر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سچائی، اتحاد اور امن کی قدروں کو پوری زندگی برقرار رکھنے والے نہرو ہمیشہ ملک کے لیے باعث تحریک رہیں گے۔

کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی نہرو کی برسی کے موقع پر ’شانتی وَن‘ پہنچ کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے جذبات ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے لکھا کہ ’’ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کی برسی پر پُرخلوص خراج عقیدت۔ نہرو نے جدید ہندوستان کی مضبوط بنیاد رکھی اور ایک جامع، ہم آہنگ اور ترقی پسند ہندوستان کی تعمیر کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔‘‘ راہل نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ آزادی، جمہوری اصولوں، آئینی حقوق، سماجی انصاف اور سائنسی فکر پر مبنی نہرو کی دور اندیش قیادت ہمیشہ ملک کی رہنمائی کرتی رہے گی۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔