پی ایم مودی نے ’جل جیون مشن ایپ‘ لانچ کیا، کہا ’پانی کے تحفظ کو زندگی کا منتر بنانے کی ضرورت‘

پی ایم مودی نے جل جیون مشن پر منعقدہ ایک پروگرام میں جل جیون مشن ایپ کا آغاز کیا اور کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح ملک کے دیہی علاقوں میں ہر گھر کو نل کے پانی کی فراہمی ہے۔

نریندر مودی، تصویر یو این آئی
نریندر مودی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر شہری سے ملک میں پانی کے تحفظ کی اہمیت کو سمجھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی زندگی کی بنیاد ہے، اس لیے پانی کی بربادی روکنے کے لیے انفرادی سطح پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ پی ایم مودی نے ہفتہ کو یہاں جل جیون مشن پر منعقدہ ایک پروگرام میں جل جیون مشن ایپ کا آغاز کیا اور کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح ملک کے دیہی علاقوں میں ہر گھر کو نل کے پانی کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کی خواتین روزانہ کئی کلو میٹر دور جا کر تالابوں اور ندیوں سے پانی لاتی ہیں، آج تک کسی نے اس پر توجہ نہیں دی، لیکن انہوں نے جل جیون مشن شروع کیا ہے، اس سے گاؤں کے ان لوگوں کی زندگی بہت آسان ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 2019 میں انہوں نے جل جیون مشن شروع کیا تھا اور اس وقت ملک میں محض تین کروڑ گھروں کو نل کے پانی تک رسائی حاصل تھی، لیکن آج 5 کروڑ گھرانوں کو نل کا پانی مل رہا ہے اور 2024 تک اس مشن کو پورا کرکے ملک کے تمام دیہی علاقوں کے لئے ہر گھر تک نل سے دستیاب کرایا جائے گا۔ پی ایم مودی نے کہا کہ جل زندگی مشن سے گاؤں والوں کی زندگی آسان ہوگی اور ان کے بچے تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ خواتین کی زندگی آسان ہو جائے گی۔ اگر لوگوں کو گاؤں میں صاف پانی ملے گا تو ان پر بیماریاں حاوی نہیں ہوں گی اور دیہی معیشت مضبوط ہوگی۔


وزیر اعظم نے کہا کہ جل جیون مشن کا فائدہ حاصل ہو اس کے لئے جل جیون مشن کے ساتھ ہی واٹر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ہر گھر میں نل سے پانی مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ گاؤں کی باؤلیوں کو بھی بحال کیا جا رہا ہے۔ یہی نہیں، ان کی حکومت نے گاؤں گاؤں کو پانی اور صفائی ستھرائی سے جوڑنے کے لیے دو لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم گرام پنچایتوں کی نشاندہی کر کے گرام سوراج کی گاندھی جی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن ایپ جاری کیا گیا ہے۔ اس سے جل جیون مشن سے متعلق تمام معلومات دستیاب ہوں گی اور یہاں تک کہ پانی کے معیار کی معلومات بھی اس ایپ میں ہوگی۔ ایپ میں، گاؤں میں نل سے پانی پہنچانے سے متعلق مکمل تفصیلات دستیاب ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔