80ویں یومِ آزادی پر پی ایم مودی نے کی پرچم کشائی، لال قلعہ پر پہلی بار گایا گیا ’وندے ماترم‘

لال قلعہ سے مسلسل 13ویں بار پرچم کشائی کر کے پی ایم مودی نے ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ پرچم کشائی کے بعد 1721 فیلڈ بیٹری (سیریمنیئل) کے بہادر توپچیوں کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

<div class="paragraphs"><p>لال قلعہ میں یومِ آزادی تقریب کا منظر، ویڈیو گریب</p></div>
i

ہندوستان آج آزادی کی 80ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ پورے ملک میں یومِ آزادی کا جشن پورے جوش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی دہلی کے تاریخی لال قلعہ سے اس قومی تقریب کی قیادت کر رہے ہیں۔ پی ایم مودی نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد لال قلعہ پر ترنگا پرچم لہرایا جو کچھ معنوں میں بہت خاص تصور کیا جا رہا ہے۔ لال قلعہ پر اس سال کا جشن خاص اس لیے ہے کیونکہ ’وندے ماترم‘ کو 150 سال مکمل ہو گئے ہیں اور پہلی بار لال قلعہ پر ’وندے ماترم‘ گایا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پی ایم مودی نے لال قلعہ سے مسلسل 13ویں بار ترنگا لہرایا ہے۔ 13ویں بار پرچم کشائی کر کے پی ایم مودی نے ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ پرچم کشائی کے ساتھ ہی 1721 فیلڈ بیٹری (سیریمنیئل) کے بہادر توپچیوں کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ دیسی ساختہ 105 ملی میٹر لائٹ فیلڈ گن سے لیس اس سیریمنیئل بیٹری کی کمان میجر پون سنگھ شیخاوت نے سنبھالی۔ اس وقت ہندوستانی فضائیہ کے 2 ایم آئی-17 ہیلی کاپٹروں نے پھولوں کی بارش کی۔


اس خاص موقع پر جب پہلی بار لال قلعہ سے وندے ماترم گایا گیا، تو سبھی لوگوں نے خاموشی کے ساتھ کھڑے ہو کر اسے سنا۔ لال قلعہ کی فصیل کے سامنے گیان پتھ پر ’وندے ماترم‘ کی شکل بھی بنائی گئی، جس میں فوج، بحریہ اور فضائیہ کے کیڈٹس کے علاوہ ’میرا بھارت‘ کے رضاکاروں سمیت کل 2,500 لڑکوں اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔ ہر سال یوم آزادی پر کچھ خاص ہوتا ہے اور اس بار کی تھیم ’ترقی یافتہ ہندوستان@2047 کے لیے نوجوان طاقت‘ اور ’وندے ماترم کے 150 سال‘ ہے۔ پی ایم مودی نے اپنے خطاب کے دوران بھی ’وندے ماترم‘ کا خاص طور سے ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آزادی کے بعد پہلی بار لال قلعہ پر ’وندے ماترم‘ گونج رہا ہے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔