پی ایم مودی اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام: اسدالدین اویسی

اسدالدین اویسی نے لوک سبھا میں دہلی تشدد پر ہو رہی بحث کے دوران کہا کہ فسادات میں مارے گئے انکت کے جانوں کی قیمت فیضان کے جانوں سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اےآئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے وزیراعظم نریندر مودی پر ملک کے مسلمانوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے دہلی فسادات کی عدالتی جانچ کا مطالبہ کیا۔ دہلی کے کچھ حصوں میں قانون وانصرام کی صورت حال پر لوک سبھا میں آج ہوئے بحث کو آگے بڑھاتے ہوئے اسدالدین اویسی نے کہا کہ ’’جب دہلی میں فرقہ وارانہ فسادات میں لوگوں کو مارا جارہا تھا اس وقت مسٹر مودی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا خیر مقدم کررہے تھے جہاں بحریہ کا بینڈ ’کین یو فیل دی لو ٹونائٹ‘ کی دھن بجائی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک کے مسلمانوں کی زندگی بچانے کی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے۔‘‘

اویسی نے مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کو دہلی فسادات کے لئے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے آئین کے مطابق دہلی میں قانون وانصرام قائم رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔ یہ کہا گیا کہ پولس فورس مناسب تعداد میں مہیا نہیں تھی۔ ایسی صورت حال میں لفنٹنٹ گورنر فوج بلاسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپ بالکل شرمندہ نہیں ہیں۔ شمال۔مشرقی دہلی کے نالوں میں پڑی لاشوں پر آپ فخر محسوس کررہے ہیں۔ کیا آپ کی اندر ذرا بھی انسانیت نہیں ہے۔‘‘


لوک سبھا میں دہلی تشدد پر بحث کے دوران اسدالدین اویسی نے یہ بھی کہا کہ فسادات میں مارے گئے انکت کے جانوں کی قیمت فیضان کے جانوں سے زیادہ نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے اس پورے معاملے کی عدالتی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی تفتیشی ٹیم پر ان کا اعتماد نہیں ہے۔ ساتھ ہی انہوںنے ایک کل جماعتی کمیٹی بناکر فسادات سے متاثر علاقوں میں بھیجے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔