مودی اور زیلنسکی کے درمیان فون پر بات چیت، یوکرین جنگ کے پُرامن حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی
وزیر اعظم نریندر مودی نے یوکرینی صدر زیلنسکی سے فون پر بات کرتے ہوئے جنگ کے پُرامن حل کے لیے ہندوستان کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں رہنماؤں نے غذائی تحفظ اور دوطرفہ تعلقات پر بھی گفتگو کی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی تازہ صورت حال، اس کے پُرامن حل کی کوششوں اور ہندوستان و یوکرین کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم مودی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ہندوستان جنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو ہی مؤثر راستہ سمجھتا ہے اور پُرامن حل کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون دینے کے لیے تیار ہے۔
وزیر اعظم کے ساتھ گفتگو میں صدر زیلنسکی نے روس کے ساتھ جاری تنازعہ سے متعلق حالیہ واقعات اور سفارتی پیش رفت کے بارے میں اپنا موقف پیش کیا۔ اس موقع پر مودی نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ انسانی مفادات اور انسانی اقدار کو ترجیح دیتا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ کا خاتمہ مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
وزیر اعظم نے پُرامن حل کی سمت میں ہونے والی تمام کوششوں میں ہندوستان کی جانب سے تعاون کی آمادگی کا اظہار بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور یوکرین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی شراکت داری کے نئے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ان کے شہریوں کے مفاد میں ہوگا۔
دریں اثنا، صدر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس گفتگو کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وزیر اعظم مودی کو حالیہ سفارتی پیش رفت سے آگاہ کیا ہے۔ زیلنسکی کے مطابق ابوظہبی میں ہونے والی مجوزہ میٹنگ کے ایجنڈے کے تمام نکات پر سرگرمی سے تیاری کی جا رہی ہے۔
زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین ہمیشہ تعمیری اور مثبت رویہ اختیار کرتا رہا ہے اور اب روس کو بھی کشیدگی کم کرنے اور تنازعہ کے حل کے لیے اسی طرح کی سنجیدگی دکھانی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم مودی کئی مرتبہ، حتیٰ کہ روسی قیادت کے ساتھ براہ راست گفتگو میں بھی، یہ بات کہہ چکے ہیں کہ اب جنگ جاری رکھنے کے بجائے اسے ختم کرنے کا وقت ہے۔
یوکرینی صدر نے کہا کہ ہندوستان یہ طے کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے وہ کون سے عملی اقدامات اٹھا سکتا ہے اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ کس نوعیت کی بات چیت آگے بڑھا سکتا ہے۔ انہوں نے غذائی تحفظ کو ایک ایسا اہم شعبہ قرار دیا جہاں ہندوستان تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں رہنماؤں نے بحیرہ اسود کے راستے اناج کی برآمدات میں پیش آنے والی رکاوٹوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
زیلنسکی کے مطابق ہندوستان غذائی سپلائی کے لیے محفوظ سمندری راہداری قائم کرانے کی کوششوں میں ثالثی کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سمت میں کوششیں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سمندری راستوں کی بندش سے صرف یوکرین ہی متاثر نہیں ہوتا بلکہ عالمی معیشت اور دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کی زندگیوں پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ہندوستان اور یوکرین کی متعلقہ ٹیمیں ان معاملات سمیت دیگر دوطرفہ امور پر بھی مسلسل رابطے میں رہیں گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
