راہل گاندھی کے یومِ پیدائش پر پی ایم مودی اور کھڑگے نے پیش کی مبارکباد، طویل عمری کی دی دعائیں
راہل گاندھی کی پیدائش 19 جون 1970 کو دہلی کے ہولی فیملی اسپتال میں ہوئی تھی۔ وہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی اور کانگریس کی راجیہ سبھا رکن سونیا گاندھی کی سب سے بڑی اولاد ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو ان کی سالگرہ پر مبارک باد پیش کی ہے۔ وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی جی کو ان کی سالگرہ پر بہت بہت مبارک باد۔ میں ان کی اچھی صحت اور درازیٔ عمر کی دعا کرتا ہوں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی کی پیدائش 19 جون 1970 کو دہلی کے ہولی فیملی اسپتال میں ہوئی تھی اور آج وہ 56 سال کے ہو گئے ہیں۔ وہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی اور کانگریس کی راجیہ سبھا رکن سونیا گاندھی کی سب سے بڑی اولاد ہیں۔ آج ان کے یومِ پیدائش پر کئی اہم سیاسی ہستیوں نے انھیں مبارکباد پیش کی ہے۔ ان میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے بھی شامل ہیں، جنھوں نے آئینی اقدار کے تئیں ان کی وابستگی اور سماج کے محروم طبقات کے لیے ان کی وکالت کی بھرپور ستائش کی ہے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں کھڑگے نے لکھا ہے کہ ’’راہل گاندھی کی آئین سے متعلق نظریات کے تئیں مضبوط وابستگی اور اَن سنی آوازوں کے لیے آپ کی بے لوث جدوجہد نے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کی سب کو ساتھ لے کر چلنے، سماجی انصاف، ہم آہنگی اور ہمدردی کی روایات راہل گاندھی کی عوامی زندگی اور قیادت میں نمایاں نظر آتی ہیں۔‘‘
کانگریس پارٹی نے بھی اپنے لیڈر راہل گاندھی کے لیے سالگرہ پر مبارک باد کا پیغام جاری کیا ہے۔ کانگریس کے آفیشیل سوشل میڈیا ہینڈل پر کی گئی پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’ایسی دنیا میں جہاں بیشتر لوگ خاموش رہنا پسند کرتے ہیں، آپ نے ہمیشہ اُس بات کے لیے آواز اٹھائی ہے جسے آپ درست سمجھتے ہیں۔ ناانصافی، عدم مساوات اور اقتدار کے ناجائز استعمال کے خلاف آپ کی مسلسل جدوجہد نے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ آپ لوگوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ سیاست صرف اقتدار حاصل کرنے کی بے رحم دوڑ نہیں، بلکہ یہ تبدیلی لانے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے، جو اصولوں اور انسانی احساسات پر مبنی ہو سکتی ہے۔‘‘ کانگریس نے مزید کہا کہ دیانت داری، ہمدردی اور امید کی تلاش میں رہنے والی پوری نسل کے لیے آپ ’جین-زی‘ کی آواز بن چکے ہیں، ایک ایسے لیڈر جو ان کی بات سنتے ہیں، انہیں سمجھتے ہیں، انہیں بااختیار بناتے ہیں اور ان کی امیدوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ایک زیادہ مہربان اور منصفانہ ہندوستان کے لیے اور ہر دل میں ’محبت کی دکان‘ کے لیے ہم آپ کے لیے ہمیشہ توانائی اور خوشیوں کی دعا کرتے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
