دہلی میں خوشگوار ہوا موسم، کئی علاقوں میں ہواؤں کے ساتھ بارش کے بعد گرمی سے ملی راحت

اتوار کو علی الصبح جنوبی دہلی، مشرقی دہلی سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد درجہ حرارت 18 اور 19 ڈگری سیلسیس کے درمیان پہنچ گیا۔ اس سے گرمی سے پریشان لوگوں کو کافی حد تک راحت ملی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش (فائل)/ تصویر یو این آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 شمالی ہندوستان میں شدید گرمی کے درمیان موسم نے اچانک کروٹ لی ہے۔ اتوار کو علی الصبح قومی راجدھانی دہلی کے کئی علاقوں میں ہواؤں کے ساتھ بارش ہورہی ہے جس کے بعد دہلی کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز راجدھانی دہلی سمیت پنجاب اور اتر پردیش میں 15 مارچ کو بارش اور تیز ہوا چلنے کی پیش گوئی کی تھی کیونکہ درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا۔ اس دوران ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 15 مارچ کو دہلی کے لیے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا تھا۔

اتوار کی صبح جنوبی دہلی کے اوکھلا، مشرقی دہلی کے لکشمی نگر سمیت کئی علاقوں میں بارش ہوئی، جس کے بعد درجہ حرارت 18 اور 19 ڈگری سیلسیس کے درمیان پہنچ گیا۔ اس سے گرمی سے پریشان لوگوں کو کافی حد تک راحت ملنے کی امید ہے۔ ہفتہ کے روز قومی راجدھانی کے اہم موسمی مرکز صفدرجنگ آبزرویٹری میں کم از کم درجہ حرارت 18.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا جو کہ معمول سے 3 ڈگری زیادہ تھا۔ وہیں پالم اور لودھی روڈ ویدر اسٹیشنز پر کم سے کم درجہ حرارت 16.6 ڈگری سیلسیس رہا۔


محکمہ موسمیات نے راجدھانی میں تیز ہواؤں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا جس کے مطابق 15 اور 16 مارچ کو تقریباً 45 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ’اسکائی میٹ ویدر‘ کے موسم سائنس اور محکمہ ماحولیاتی تبدیلی کے صدر مہیش پلاوت نے بتایا کہ مغربی ہمالیہ کی طرف بڑھنے والے مغربی طلاطم نے وسطی پاکستان اور اس سے ملحقہ پنجاب اور ہریانہ میں طوفانی سرگرمیوں کو فعال کیا ہے۔ اس کے نتیجے میں اگلے دو دنوں میں پنجاب، ہریانہ اور دہلی کے کچھ حصوں میں بارش متوقع ہے۔ یہ موسم کی پہلی پری مون سون بارش سمجھی جاتی ہے، جو معمول سے تقریباً 10 دن پہلے پہنچتی ہے۔

ہفتہ کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.2 ڈگری سیلسیس رہا جو معمول سے 4.3 ڈگری زیادہ تھا۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق پیر تک کم سے کم درجہ حرارت 14-16 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 31-33 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق 14 مارچ کی صبح دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 145  درج کیا گیا، جو’اعتدال‘ زمرے میں آتا ہے۔ 24 گھنٹے کا اوسط اے کیو آئی شام 4 بجے 153 پر ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جمعہ کو یہ 189 تھا۔