دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر پر پی ایچ ڈی اسکالر کا حملہ، پی ایچ ڈی اسکالر معطل

فیکلٹی آف لاء کے پی ایچ ڈی اسکالر شبھم سنگھ نے دہلی یونیورسٹی کے ایک پروفیسر پر حملہ کیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ایچ ڈی اسکالر کو پروفیسر کا انتظار کرتے ہوئے اور پھر اس پر حملہ کرتے ہوئے دیکھاگیا ہے

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

دہلی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لاء کے ایک پروفیسر پر پی ایچ ڈی اسکالر نے حملہ کیا۔ یہ واقعہ صبح تقریباً 10:30 بجے امنگ بھون میں پیش آیا، ملزم طالب علم کی شناخت شبھم سنگھ کے طور پر کی گئی ہے، جو 2024-25 سیشن کے فیز II میں قانون کی فیکلٹی میں پی ایچ ڈی کر رہا ہے۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں صاف نظر آتا ہے کہ طالب علم پروفیسر کا انتظار کر رہا تھا اور عمارت میں داخل ہوتے ہی اس پر حملہ کر دیا۔ مورس نگر پولس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، اور پولس تحقیقات کررہی ہے۔واقعے کے فوری بعد ڈی یو انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ یونیورسٹی پراکٹر کے دفتر نے شبھم سنگھ کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے اور انہیں یونیورسٹی کیمپس میں داخل ہونے سے بھی روک دیا ہے۔


یہ کارروائی دہلی یونیورسٹی ایکٹ 1922 کے آرڈیننس 15B کے تحت کی گئی ہے۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک آزاد تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ شعبہ کیمسٹری کے پروفیسر راجیو گپتا کو چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جب کہ شعبہ تاریخ کے پروفیسر وپل سنگھ اور ہندی شعبہ کی پروفیسر سودھا سنگھ ممبر ہوں گے۔

ڈیموکریٹک ٹیچرس فرنٹ (ڈی ٹی ایف) نے اس واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ کیمپس میں اساتذہ پر حملہ کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل لاء فیکلٹی کے ایک طالب علم نے پروفیسرز کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔2025 میں، ڈوسو جوائنٹ سکریٹری دیپیکا جھا پر ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کالج کے ایک پروفیسر کو تھپڑ مارنے کا الزام تھا۔ ڈی ٹی ایف نے کہا کہ محض معطلی کافی نہیں ہے۔ تنظیم نے ڈی یو انتظامیہ پر کیمپس میں ہونے والے تشدد کے حوالے سے ڈھیل اور ناکافی رویہ اپنانے کا بھی الزام لگایا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔