’کیرالہ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں‘، راہل گاندھی نے کیا یو ڈی ایف کی جیت کا دعویٰ

راہل گاندھی نے کیرالہ میں یو ڈی ایف کی جیت کا یقین ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ قبل ازیں، کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی آخری امیدواروں کی فہرست جاری کر دی

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی/ترواننت پورم: کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے کیرالہ اسمبلی انتخابات سے قبل ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ کیرالہ کے عوام تبدیلی کے لیے تیار ہیں اور وہ ایک ایسی حکومت چاہتے ہیں جو سننے، سمجھنے اور ایمانداری کے ساتھ کام کرنے والی ہو۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ یعنی یو ڈی ایف ایک مضبوط ٹیم کے طور پر سامنے آ رہا ہے جو عوام کی امیدوں اور اعتماد کی نمائندگی کرتی ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یو ڈی ایف کی ٹیم میں تجربہ کار رہنماؤں کے ساتھ ساتھ نوجوان اور تبدیلی کے خواہاں افراد بھی شامل ہیں، جو اپنے اپنے حلقوں کی باریکیوں کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کیرالہ کے عوام کے ساتھ اپنے جذباتی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کیرالہ ان کے لیے گھر کی مانند ہے اور وہاں کے لوگ ان کے خاندان کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ رہیں گے اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔


انہوں نے مزید کہا کہ کیرالہ سے واضح پیغام مل رہا ہے کہ عوام اب تبدیلی چاہتے ہیں اور یو ڈی ایف اس تبدیلی کی قیادت کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ راہل گاندھی نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والی یو ڈی ایف حکومت ریاست کو ایک بہتر سمت دے گی اور ترقی و شفافیت کو یقینی بنائے گی۔

راہل گاندھی کے اس بیان سے قبل یو ڈی ایف کی اتحادی کانگریس نے کیرالہ اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی آخری فہرست جاری کر دی، جس میں 37 حلقوں کے نام شامل ہیں۔

140 رکنی اسمبلی کے لیے کانگریس نے 92 نشستوں پر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ تین حلقوں میں سی پی آئی-ایم سے الگ ہونے والے باغی رہنماؤں کی حمایت کی جائے گی۔ اس حکمت عملی کو براہ راست مقابلے میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

فہرست میں این شکٹن، ٹی سرت چندر پرساد، ورکلا کہار اور وی شیوکمار جیسے تجربہ کار رہنماؤں کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ ایبی کوریئاکوس، رائے کے پاؤلوز اور پزھاکلم مدھو جیسے نئے چہروں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔