مسافر کے لیے ترس رہی پٹنہ میٹرو، روزانہ کی آمدنی محض 5 ہزار روپے اور خرچ 18 لاکھ روپے!

پٹنہ میٹرو صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک چلتی ہے اور بھوت ناتھ سے پاٹلی پترا بس ٹرمینل تک کرایہ 15 روپے ہے۔ روزانہ اس کے 24 پھیرے لگتے ہیں، جن میں 12 اَپ اور 12 ڈاؤن شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>پٹنہ میٹرو، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار اسمبلی انتخاب سے عین قبل 6 اکتوبر 2025 کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پٹنہ میٹرو کا جلد بازی میں افتتاح تو کر دیا، لیکن اب یہ میٹرو ٹرین مسافر کے لیے ترس رہی ہے۔ پٹنہ میٹرو کو شروع ہوئے تقریباً 5 ماہ ہو چکے ہیں، لیکن بیشتر اوقات میٹرو کی بوگیاں خالی ہی نظر آتی ہیں۔ یہ جانکاری ’اے بی پی نیوز‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں دی ہے۔ اس نے گراؤنڈ رپورٹ میں بتایا ہے کہ جو تصویر سامنے آئی ہے، وہ حیرت انگیز ہے۔ دفتر کے وقت میں بھی 3 بوگیوں میں سے 2 پوری طرح خالی تھیں اور محض 4 افراد ایک بوگی میں سفر کرتے نظر آئے۔

گراؤنڈ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ منگل کی صبح تقریباً 10 بجے بھوت ناتھ اسٹیشن سے ٹکٹ لے کر نمائندہ پاٹلی پترا بس ٹرمینل کے لیے روانہ ہوا۔ 3 بوگی میں سے 2 پوری طرح خالی تھیں اور ایک بوگی میں نمائندہ سمیت صرف 4 لوگ سفر کر رہے تھے۔ واپسی میں بھی 3 بوگیوں میں سے 2 خالی تھیں اور ایک بوگی میں رپورٹر سمیت 9 مسافر ہی نظر آئے۔ اس طرح دفتر کے وقت میں 2 پھیروں کے دوران صرف 13 مسافروں نے سفر کیا۔


قابل ذکر ہے کہ میٹرو ٹرین صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک چلتی ہے اور بھوت ناتھ سے پاٹلی پترا بس ٹرمینل تک کا کرایہ 15 روپے ہے۔ روزانہ یہ میٹرو ٹرینیں 24 پھیرے لگاتی ہیں، جن میں 12 اَپ اور 12 ڈاؤن شامل ہیں۔ گراؤنڈ رپورٹ میں جو اندازہ لگایا گیا، اس کے مطابق روزانہ اوسطاً 156 مسافر سفر کرتے ہیں اور ٹکٹ فروخت کے ذریعہ تقریباً 4 سے 5 ہزار روپے کی آمدنی ہوتی ہے۔ دوسری طرف رکھ رکھاؤ اور انتظام و انصرام کے ساتھ ساتھ ملازمین کی تنخواہ وغیرہ جوڑ کر روزانہ 18 لاکھ روپے سے زیادہ کا خرچ ہو رہا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ جب میٹرو شروع ہوئی تھی تو روزانہ 9-8 ہزار مسافر سفر کرتے تھے، لیکن دھیرے دھیرے یہ تعداد گھٹتی چلی گئی۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ میٹرو صرف 3 اسٹیشنوں تک محدود ہے، اس لیے بھیڑ نہیں ہے۔ جب پٹنہ جنکشن اور دیگر اہم اسٹیشنوں تک میٹرو پہنچے گی تبھی مسافروں کی تعداد بڑھے گی۔ مارچ 2026 سے بھوت ناتھ سے ملاہی پکڑی تک 2.75 کلومیٹر میٹرو چلنے کی امید ہے۔ کمشنر آف میٹرو ریل سیفٹی کی ٹیم کے ذریعہ جائزہ لیے جانے کے بعد افتتاح کی تاریخ طے ہونی ہے۔ پورے شہر میں 31.9 کلومیٹر میٹرو لائن پر 13365 کروڑ روپے خرچ ہونے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔