اڑتے انڈیگو طیارہ میں دھوئیں کے الرٹ سے مسافر خوفزدہ، لینڈنگ کے بعد جانچ کا حکم

ایک سینئر افسر نے کہا کہ ڈی جی سی اے اس واقعہ کی جانچ کرے گا، یہ واقعہ طیارہ نمبر 6 ای 2513 میں پیش آیا جس میں 165 مسافروں کے علاوہ پائلٹ ٹیم کے 6 اراکین سوار تھے۔

انڈیگو، تصویر آئی اے این ایس
انڈیگو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی سے کولکاتا جا رہے انڈیگو ایئرلائنس کے ایک طیارہ میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے مسافروں کی سانسیں اٹک گئیں۔ دہلی سے کولکاتا جا رہے طیارہ میں اتوار کے روز سامان رکھے جانے کی جگہ (کارگو) سے دھواں نکلنے کے الرٹ کا سائرن بغیر کسی وجہ سے بجنے لگا۔ یہ واقعہ طیارہ کے ہوائی اڈے پر اترنے سے پہلے کا ہے۔ اس سلسلے میں انڈیگو ایئرلائنس نے اتوار کو ہی ایک بیان جاری کیا جس میں کہا کہ ’’کولکاتا ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد ایئربس طیارہ کی جانچ کی گئی، لیکن اس الرٹ کو غلط پایا گیا۔‘‘

بیان میں کہا گیا کہ دھوئیں کا پتہ لگانے کے سسٹم میں ضروری اصلاحات کیے جا رہے ہیں۔ اس درمیان ڈی جی سی اے نے اس معاملے کی جانچ کرنے کی بات بھی کہہ دی ہے۔ ایک سینئر افسر نے کہا کہ ڈی جی سی اے اس واقعہ کی جانچ کرے گا۔ یہ واقعہ طیارہ نمبر 6 ای 2513 میں پیش آیا جس میں 165 مسافروں کے علاوہ پائلٹ ٹیم کے 6 اراکین سوار تھے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ کولکاتا ہوائی اڈے پر صبح 10.45 بجے اترنا تھا لیکن تقریباً 10.20 بجے طیارہ کے کارگو میں دھوئیں کا الرٹ سنائی دیا۔ اس کے بعد پائلٹ نے ایئر ٹرانسپورٹیشن کنٹرول سسٹم سے رابطہ کیا اور پھر طیارہ کو ترجیحی بنیاد پر اتارنے کے انتظامات کیے گئے۔ آناً فاناً میں کسی بھی ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کے لیے ضروری تیاریاں بھی کر لی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں میں مختلف ایئرلائنس کے طیاروں میں تکنیکی خامی کے کئی واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔