شہری ہلاکتوں میں پاکستان کا ہاتھ، قصورواروں کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا: بی جے پی

جموں و کشمیر بی جے پی صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیری مسلمانوں کا سب سے بڑا دشمن ہے، اور وہ نہیں چاہتا کہ کشمیر میں امن کی فضا قائم ہو سکے۔

رویندر رینہ، تصویر آئی اے این ایس
رویندر رینہ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینہ نے بہوری کدل سری نگر میں عام شہری کی ہلاکت پر شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیر کے پُر امن حالات کو درہم برہم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ موصوف نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری مسلمانوں کا سب سے بڑا دشمن ہے اور یہ کہ وہ نہیں چاہتا کہ کشمیر میں امن کی فضا قائم ہوسکے۔

رویندر رینہ نے مزید بتایا کہ ’بہوری کدل سری نگر میں دہشت گردوں نے ایک عام شہری محمد ابراہیم خان کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا جو انسانیت سوز ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے‘۔


بی جے پی صدر رویندر رینہ نے بتایا کہ مہلوک شہری اپنے عیال کی کفالت کی خاطر کام میں مصروف تھا کہ اُس پر گولیاں چلائیں گئیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ بیٹھا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ سیکورٹی فورسز نے جموں وکشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف حالیہ ایام کے دوران متعدد کامیاب آپریشن کئے جس وجہ سے پاکستان اور ملک دشمن عناصر ذہنی کوفت کا شکار ہو کرعام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ امن و قانون کی صورتحال کو درہم برہم کیا جاسکے۔

بھاجپا صدر کے مطابق ’رات کی تاریکی میں ایک عام شہری پر فائرنگ کرنا کون سی بہادری ہے‘۔ رویندر رینہ نے بتایا کہ پچھلے 30 برسوں کے دوران پاکستان نے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کا قتل کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’شہری ہلاکتوں میں ملوث افراد کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا اور اُنہیں بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔