ہوشنگ آباد میں دردناک سڑک حادثہ، 4 قومی ہاکی کھلاڑی ہلاک، کمل ناتھ کا اظہارِ غم

مدھیہ پردیش کے ہوشنگ آباد ضلع میں ہوئے دردناک سڑک حادثہ میں ملک قومی سطح کے 4 ہاکی کھلاڑیوں سے محروم ہو گیا۔ خبروں کے مطابق حادثہ میں تین کھلاڑی زخمی بھی ہوئے جنھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے ہوشنگ آباد ضلع میں ایک سڑک حادثے میں 4 قومی سطح کے ہاکی کھلاڑیوں کی موت ہو گئی۔ تین دیگر کھلاڑی اس حادثہ میں سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ اس حادثے پر وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے غم کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کے بہتر علاج کا بھروسہ دلایا ہے۔


پولس سے ملی جانکاری کے مطابق ہوشنگ آباد میں چل رہے دھیان چند ہاکی ٹورنامنٹ میں میچ کھیلنے جا رہے ہاکی کھلاڑیوں کی سوئفٹ ڈیزائر کار پیر کی صبح ہوشنگ آباد-اٹارسی سڑک پر ریسل پور کے نزدیک درخت سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے میں 4 ہاکی کھلاڑیوں شاہنواز خان، آدرش ہردوا، آشیش لال اور انیکیت کی موت ہو گئی ہے، وہیں تین کھلاڑی زخمی ہوئے ہیں۔ ملی جانکاری کے مطابق چاروں قومی سطح کے ہاکی کھلاڑی تھے۔


وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے اس حادثے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ہوشنگ آباد میں ہاکی ٹورنامنٹ میں شامل ہونے جا رہے ہاکی کھلاڑیوں کی گاڑی کی ریسل پور گاؤں کے پاس حادثہ زدہ ہونے کی خبر بے حد افسوسناک ہے۔ حادثہ میں ہلاک ہونے والے کھلاڑیوں کے اہل خانہ کے تئیں میری ہمدردی۔ زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کے لیے دعا گو ہوں۔ زخمیوں کا بہتر علاج کرانے اور متاثرہ کنبہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہیں۔‘‘

پولس سپرنٹنڈنٹ ایم ایل چھاری نے اس حادثہ کے تعلق سے بتایا کہ ’’ہوشنگ آباد میں میچ کھیلنے کے بعد یہ کھلاڑی اٹارسی آ گئے تھے اور آج صبح ہوشنگ آباد واپس جا رہے تھے تبھی ان کی گاڑی درخت سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے میں چار کھلاڑیوں کی موت ہو گئی جب کہ تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔