گجرات کے سورت میں آگ لگنے سے سلنڈر کا دھماکہ، 2 مزدوروں کی موت

موقع پر موجود فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ متاثرہ عمارت میں 8 گیس سلنڈر رکھے ہوئے تھے، جن میں سے آگ کی زد میں آکر 2 پھٹ گئے، جس کے نتیجے میں بڑا دماکہ ہوا اور2 افراد کی موت ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>آگ لگنے کی علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 گجرات کے سورت میں آج ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک ایمبرائیڈری والی عمارت میں آگ لگنے اور سلنڈر پھٹنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ اس واردات میں 9 دیگر لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا ہے۔

یہ واقعہ سورت کے بھرت نگر گوشالہ علاقے میں پیش آیا جہاں جمعرات کی صبح تقریباً 5 بجے کپودرہ میں ایک عمارت کی تیسری منزل پر آگ لگ گئی۔ آگ کے شعلے کچن تک پہنچے تو وہاں رکھا سلنڈر پھٹ گیا۔ اس واردات میں دو لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور 9 دیگرافراد شدید زخمی ہو گئے۔ صبح کا وقت تھا، لوگ ابھی سوئے ہوئے تھے کہ اچانک دھماکے کی آواز سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔


فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ عمارت میں 8 گیس سلنڈر رکھے ہوئے تھے، جن میں سے آگ کی زد میں آکر 2 پھٹ گئے، جس کے نتیجے میں بڑا دماکہ ہوا اور2 افراد کی موت ہو گئی۔ اہلکار نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی 4 فائر اسٹیشنوں سے فائر انجن جائے وقوعہ پر روانہ کردیئے گئے۔ پہنچنے پر آگ تیزی سے پھیلتی ہوئی ملی۔ فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے پہلے ایل پی جی سلنڈر پھٹ چکا تھا جس سے آگ نے مزید شدت اختیار کر لی اور کئی لوگ تیز اٹھتے شعلوں کی زد میں آگئے۔ واقعے میں 9 افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔

فائر فائٹرز نے عمارت کی تیسری منزل کو ڈھانپنے والی شیٹ کو توڑ کر اندر پھنسے لوگوں کو نکال کر اسپتال پہنچا یا۔ حادثے کے دوران عمارت میں پھنسے 11 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ بچائے گئے 11 افراد میں سے 9 کو ہلکے سے درمیانے درجے کے جھلسنے کے نشان تھے جب کہ دو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ فائر بریگیڈ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت مستحکم ہے لیکن دو خاندان اس واردات میں بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔


یہ واقعہ ایک بار پھر یاد دلاتا ہے کہ فیکٹریوں اور چھوٹی یونٹوں میں گیس سلنڈر کتنے خطرناک ہو سکتے ہیں۔ صبح سویرے اس حادثے نے مزدوروں کی جان لے لی جو روز کمانے کے لیے نکلتے تھے۔ بتادیں کہ فیکٹری کی چھت پرٹین شیڈ بنا کر کاریگر وہاں رہتے اور کام کرتے تھے۔  پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ اب آگ لگنے کی وجہ اور سلنڈروں کو کہاں اور کیسے ذخیرہ کیا گیا اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔