پدم شری ستار نواز پنڈت منی لال ناگ کا 88 برس کی عمر میں انتقال

ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی خدمات کے اعتراف میں پنڈت منی لال کو 2020 میں پدم شری اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ وہ وشنوپور گھرانے کے پہلے ایسے موسیقار تھے، جنہیں یہ باوقار اعزاز حاصل ہوا۔

<div class="paragraphs"><p>ستار ساز پنڈت منی لال ناگ، تصویر، آئی اے این ایس</p></div>
i

ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی دنیا نے اپنا ایک بڑا ستارہ کھو دیا ہے۔ پدم شری اعزاز یافتہ مشہور ستار نواز پنڈت منی لال ناگ کا 88 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا ہے۔ انہوں نے پیر کی دیر رات کولکاتہ میں آخری سانس لی۔ ان کے انتقال کی اطلاع مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری نے منگل کے روز سوشل میڈیا کے ذریعے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ایکس پر پنڈت منی لال ناگ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ منی لال ناگ کا انتقال صرف موسیقی کی دنیا کا نقصان نہیں، بلکہ ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ ان کے مطابق مغربی بنگال اور ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی دنیا میں پیدا ہونے والے اس خلا کو پر کرنا مشکل ہوگا۔

پنڈت منی لال ناگ بنگال کے تقریباً 400 سال قدیم تاریخی وشنوپور گھرانے کے ممتاز نمائندوں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے دھروپد طرز موسیقی سے مالا مال ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کو ملک اور دنیا بھر میں شناخت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ستار بجانے میں ان کی مہارت اور موسیقی کے تئیں ان کی لگن نے انہیں ایک الگ پہچان عطا کی۔ 16 اگست 1939 کو مغربی بنگال کے بانکورہ ضلع میں پیدا ہونے والے منی لال ناگ نے موسیقی کی ابتدائی تعلیم اپنے والد اور استاد سنگیت آچاریہ گوکل چندر ناگ سے حاصل کی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے ریاضت اور فن کے بل بوتے پر وشنوپور گھرانے کی روایت کو آگے بڑھایا۔


ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2020 میں پدم شری اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ وہ وشنوپور گھرانے کے پہلے ایسے موسیقار تھے، جنہیں یہ باوقار اعزاز حاصل ہوا۔ اس کے علاوہ انہیں سنگیت ناٹک اکادمی ایوارڈ سمیت کئی بڑے اعزازات سے بھی نوازا گیا تھا۔ پنڈت منی لال ناگ نے 5 دہائیوں سے زیادہ عرصے تک آل انڈیا ریڈیو کے لیے ستار بجایا۔ موسیقی کی روایت کو آگے بڑھانے اور نئی نسل کو اس کی تعلیم دینے کے تئیں ان کی لگن بھی ان کی شخصیت کا ایک اہم حصہ تھی۔ وزیر اعلیٰ سویندو ادھیکاری نے ان کے اہل خانہ، شاگردوں اور مداحوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کے انتقال سے بنگال موسیقی کے ساتھ ساتھ ہندوستانی کلاسیکی موسیقی حلقوں میں بھی رنج و غم کا ماحول ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔