اپوزیشن جب چاہے فلور ٹیسٹ کروا لے: کمل ناتھ

حکومت کی حلیف جماعت بہوجن سماج پارٹی کی رکن اسمبلی رام بائی نے بھی وزیر اعلیٰ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن چاہے جہاں سے بھی حکم لے آئے لیکن کمل ناتھ حکومت ہلنے والی نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بھوپال: کرناٹک حکومت گرنے کے بعد مدھیہ پردیش اسمبلی میں آج لیڈر آف اپوزیشن گوپال بھارگو کی جانب سے حکومت کو چیلنج کرنے پر وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ ان کے رکن اسمبلی ’بِکاؤ‘ نہیں ہیں۔اپوزیشن چاہے تو ایوان میں حکومت کی اکثریت جانچنے کے لیے فلور ٹیسٹ کروا لے۔

اس سے قبل توجہ دلاؤ تحریک پر بحث کے دوران اپوزیشن کے لیڈر گوپال بھارگو نے حکو مت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اراکین اسمبلی کی خرید وفروخت جیسے کاموں پر یقین نہیں ہے لیکن اگر اوپر سے نمبر ایک اور دو کا حکم ہوا تو ریاست میں ایک دن بھی نہیں لگے گا۔


اس پر وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ اپوزیشن چاہے تو وہ کبھی بھی حکومت کی اکثریت جانچ لے ہم آج ہی اس کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کوئی رکن اسمبلی ’بکاؤ‘ نہیں ہے۔ کانگریس کی حکومت پورے پانچ سال تک چلے گی اور دم خم کے ساتھ چلے گی۔ ریاست کی ترقی کا ایک ایسا نقشہ بنے گا جو ہر طبقے کی خوشحالی کا ضامن ہوگا۔

حکومت کی حلیف جماعت بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی رکن اسمبلی رام بائی نے بھی وزیر اعلیٰ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن چاہے جہاں سے بھی حکم لے آئے لیکن کمل ناتھ حکومت ہلنے والی نہیں ہے۔


اس پورے واقعہ کے دوران کانگریس کے وزراء اور اراکین نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر خرید و فروخت کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خوب ہنگامہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔