آپریشن سندور: پرینکا گاندھی، مایاوتی اور اکھلیش یادو نے فوج کی شجاعت کو خراج تحسین پیش کیا

'آپریشن سندور' میں 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے پر ملک بھر میں خوشی کی لہر، پرینکا گاندھی، مایاوتی اور اکھلیش یادو نے فوج کے جذبے اور شجاعت کی تعریف کی

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے حالیہ دہشت گرد حملے کے جواب میں ہندوستانی مسلح افواج نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان اور پاکستان مقبوضہ انتظام کشمیر (پی او کے) میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب کارروائی کی ہے۔ جس پر حزب اختلاف کی جماعتوں نے بھی فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

کانگریس کی سینئر رہنما اور رکن پارلیمان پرینکا گاندھی واڈرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر لکھا، "ہمیں اپنی فوج پر انتہائی فخر ہے۔ ہمارے بہادر جوان ہماری آزادی اور سالمیت کی حفاظت کرتے ہیں۔ خدا ان کی حفاظت کرے اور انہیں ہمت و حوصلے سے ہر چیلنج کا سامنا کرنے کی طاقت عطا کرے۔ جے ہند۔"

اسی طرح، بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ اور اتر پردیش کی سابق وزیراعلیٰ مایاوتی نے بھی ’آپریشن سندور‘ کو سراہتے ہوئے کہا، "پاکستان میں 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کرنے کی بھارتی فوج کی کارروائی فخر کا باعث اور قابلِ تعریف ہے۔"

سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے مختصر مگر پُراثر جملے میں فوج کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے ایکس پر لکھا، "پراکرمو وجیے! (بہادری کی جیت ہو)"


واضح رہے کہ اس کارروائی میں 9 اہم مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جہاں سے ہندوستان کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی اور رہنمائی کی جاتی تھی۔ ان ٹھکانوں میں بہاولپور کا مرگز سبحان اللہ، مرگز طیبہ (مریدکے)، سرجال/تہرا کلاں، سیالکوٹ، مرگز اہل حدیث برنالہ، بھمبر، مرگز عباس، کوٹلی کے مَسکر راحیل شاہد اور مظفرآباد میں شاوئی نالہ کیمپ، مرگز سیدنا بلال شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے پوری رات سینئر افسران کے ساتھ آپریشن کی پیش رفت پر قریبی نظر رکھی۔ بتایا گیا ہے کہ وہ قومی سلامتی کے مشیروں اور فوجی کمانڈروں سے مسلسل رابطے میں رہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کارروائی منصوبے کے مطابق جاری رہے۔

ملک بھر میں عام شہریوں اور سیاسی حلقوں کی جانب سے اس کارروائی کو سراہا جا رہا ہے اور فوج کے حوصلے، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی جا رہی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ پیغام دشمنوں کو صاف طور پر دے دیا گیا ہے کہ ہندوستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا، اور اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔