سری نگر کے تاجر کو چیک باؤنس معاملہ میں ملی سخت سزا، ایک سال قید اور 12 لاکھ روپے جرمانہ

محمد یاسین متو، جو کہ ایم ایم موٹرس کے مالک ہیں، کو موہنی سادھو ساکنہ جواہر نگر کو پیسے واپس کرنے تھے۔ لیکن انہوں نے انہیں 6 لاکھ روپے مالیت کا ایک ایسا چیک دیا جو باونس ہوگیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر میں ایک عدالت نے چیک باونس معاملے میں ایک تاجر کو ایک سال قید اور متاثرہ خاتون کو 12 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کی سزا سنائی ہے۔ معاوضہ ادا نہ کرنے کی صورت میں قصوروار تاجر کو مزید ایک سال تک جیل میں رہنا پڑے گا۔

فارسٹ مجسٹریٹ سری نگر منوج پریہار نے سات سال پرانے چیک باؤنس معاملے میں متاثرہ خاتون موہنی سادھو ساکنہ جواہر نگر کو بڑی راحت دیتے ہوئے ملزم محمد یاسین متو، جو مبینہ طور پر ایم ایم موٹرس بتہ مالو کے مالک ہیں، کو قصوروار قرار دیتے ہوئے ایک سال قید اور متاثرہ خاتون کو 12 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کی سزا سنائی ہے۔ معاوضہ ادا نہ کرنے کی صورت میں متو کو مزید ایک سال جیل میں گزارنا پڑے گا۔


موہنی سادھو کی وکیل شاہناز رحیم نے یو این آئی اردو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ دراصل رہائشی مکان کی خرید و فروخت کا معاملہ ہے۔ محمد یاسین متو، جو کہ ایم ایم موٹرس کے مالک ہیں، کو موہنی سادھو ساکنہ جواہر نگر کو پیسے واپس کرنے تھے۔ لیکن انہوں نے انہیں چھ لاکھ روپے مالیت کا ایک ایسا چیک دیا جو باونس ہوگیا'۔

انہوں نے مزید کہا ’’ 2013 میں موہنی سادھو نے عدالت سے رجوع کیا۔ کئی سال بعد گزشتہ ہفتے فارسٹ مجسٹریٹ سری نگر نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے متو کو ایک سال قید اور متاثرہ خاتون کے حق میں 12 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کی سزا سنائی۔ معاوضہ ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں مزید ایک سال تک قید میں رہنا پڑے گا‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔