یو جی سی نیٹ کے تین مضامین کے امتحانات منسوخ، این ٹی اے کا دوبارہ امتحان لینے کا اعلان
این ٹی اے نے سوالیہ پرچوں میں حقائق، زبان، ترجمہ، املا اور سوالات کی تکرار سمیت متعدد خامیوں کے باعث یو جی سی نیٹ کے انگریزی، کامرس اور سماجیات کے امتحانات دوبارہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئی دہلی: نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے جون 2026 میں منعقد ہونے والے یو جی سی نیٹ (UGC-NET) کے تین مضامین انگریزی، کامرس اور سماجیات کے امتحانات دوبارہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ امیدواروں کی جانب سے سوالیہ پرچوں میں متعدد خامیوں اور غلطیوں کی شکایات موصول ہونے کے بعد کیا گیا۔ انگریزی اور کامرس کا دوبارہ امتحان 9 ستمبر جبکہ سماجیات کا امتحان 10 ستمبر 2026 کو ہوگا۔
این ٹی اے نے بتایا کہ تینوں مضامین کے سوالیہ پرچوں سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی نے تفصیلی جانچ کے بعد پایا کہ سوالیہ پرچوں میں حقائق، ٹائپنگ اور ترجمہ سے متعلق متعدد سنگین غلطیاں موجود تھیں۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ منصفانہ اور غلطیوں سے پاک امتحان کے لیے ان تینوں مضامین کے امتحانات دوبارہ کرائے جائیں۔
این ٹی اے کے مطابق سوالیہ پرچوں میں معروف دانشوروں اور محققین کے نام غلط لکھے گئے تھے، کتابوں کے عنوانات میں بھی غلطیاں تھیں اور سوالات کی زبان میں کئی خامیاں پائی گئیں۔ اس کے علاوہ قواعد، جنس اور واحد و جمع کے باہمی توافق، رموز اوقاف اور پہلے سے رائج تصورات کے لیے غیر معیاری اصطلاحات کے استعمال سے متعلق غلطیاں بھی سامنے آئیں۔
سماجیات کے سوالیہ پرچے میں بعض معروف اسکالرز کے نام تک غلط درج کیے گئے تھے۔ بعض سوالات ایسے بھی پائے گئے جن کے بارے میں امیدواروں نے شکایت کی کہ وہ مقررہ نصاب سے مطابقت نہیں رکھتے تھے۔
این ٹی اے کے جائزے میں سوالات کے بڑے پیمانے پر دہرائے جانے کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ انگریزی کے پرچے کے 150 میں سے 67 سوالات دسمبر 2024 میں منعقدہ یو جی سی نیٹ کے انگریزی کے امتحان میں بھی پوچھے جا چکے تھے۔ بعض معاملات میں جوابات کے اختیارات کی ترتیب بھی وہی تھی۔ کامرس کے پرچے میں بھی 80 سے زیادہ سوالات کے پہلے پوچھے جا چکے سوالات سے مماثل ہونے کی شکایات سامنے آئیں۔
این ٹی اے کے ڈائریکٹر ابھیشیک سنگھ نے بتایا کہ سوالیہ پرچوں میں خامیوں سے متعلق بڑی تعداد میں شکایات موصول ہونے کے بعد ان کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بنائی گئی تھی۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں تینوں مضامین کے امتحانات دوبارہ کرانے کی سفارش کی، جس کے بعد این ٹی اے نے یہ فیصلہ کیا۔
این ٹی اے نے واضح کیا کہ ان خامیوں کی نوعیت ایسی تھی کہ صرف اعتراضات کے مرحلے میں سوالات کو حذف کرکے مسئلہ حل نہیں کیا جا سکتا۔ ایجنسی کے مطابق اس سطح کی خامیوں والے پرچے منصفانہ اور غلطیوں سے پاک امتحان کے مقررہ معیار پر پورے نہیں اترتے۔
جون 2026 کے آخری ہفتے میں یو جی سی نیٹ کا امتحان 87 مضامین میں منعقد کیا گیا تھا۔ یہ امتحان جونیئر ریسرچ فیلوشپ، اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے کے لیے اہلیت اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلے کے لیے لیا جاتا ہے۔ این ٹی اے نے کہا ہے کہ ان تینوں مضامین کے امیدواروں سے دوبارہ امتحان کے لیے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔ امتحانی شہر، مرکز اور نئے ایڈمٹ کارڈ سے متعلق تفصیلات بعد میں این ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔
ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ باقی 84 مضامین، جن کے لیے جواب نامے پر اعتراضات درج کرانے کا عمل مکمل ہو چکا ہے، ان کے نتائج مقررہ پروگرام کے مطابق جاری کیے جائیں گے۔ این ٹی اے کے زیر انتظام امتحانات میں خامیوں اور بے ضابطگیوں کا معاملہ اس سے پہلے بھی تنازعہ کا باعث بنتا رہا ہے۔ حالیہ عرصے میں امتحانی نظام کی شفافیت اور ایجنسی کی جواب دہی پر بھی سوال اٹھتے رہے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
